اسلام آباد (ٹی این ایس) ڈی آئی جی علی وسیم کی زیرِ صدارت انسدادِ جرائم اور پولیس کارکردگی کا جائزہ اجلاس۔

 
0
5

اسلام آباد (ٹی این ایس) ڈی آئی جی علی وسیم کی زیرِ صدارت انسدادِ جرائم اور پولیس کارکردگی کا جائزہ اجلاس۔ناقص کارکردگی پر بعض ایس ایچ اوز اور انوسٹی گیشن افسران کو شوکاز نوٹس جاری ۔ کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے 15 روز کی مہلت دی گئی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم کی زیرِ صدارت انسدادِ جرائم اور پولیس کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا، ایس ایس پی انوسٹی گیشن سلیمان ظفر، ایس ایس پی سکیورٹی /ایڈمنسٹریشن، زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈی آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا اور جرائم کی روک تھام، مقدمات کی تفتیش، ملزمان کی گرفتاری اور شہریوں کی دادرسی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بعض ایس ایچ اوز اور تھانہ جات کے انوسٹی گیشن افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ایس ایچ اوز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 15 روز کی مہلت دی گئی۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ہدایت کی کہ متحرک جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف موثر اور ٹارگٹڈ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور جرائم کے سدباب کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے سابقہ ریکارڈ یافتہ، اشتہاری اور عادی مجرمان کی گرفتاری یقینی بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موثر پولیسنگ کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مقدمات برخلافِ مال میں برآمدگی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور مدعیانِ مقدمات سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ انہیں مقدمات کی پیش رفت سے آگاہ رکھا جا سکے۔ جرائم کو چھپانا نہیں بلکہ جرائم پر قابو پانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور بدعنوانی ثابت ہونے پر بلاامتیاز سخت محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ فرائض میں غفلت اور ناقص کارکردگی پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔علی وسیم نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی بروقت دادرسی اور مسائل کے حل کے لیے باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے، شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور قانون کے مطابق فوری کارروائی یقینی بنائی جائے