اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس کا انعقاد۔آئی جی اسلام آباد نے مجموعی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل امور اور محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سینئر پولیس افسران کو پیشہ ورانہ ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دینے، باہمی رابطوں کو مزید بہتر بنانے اور سکیورٹی و پولیسنگ کے مجموعی معیار کو مضبوط بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل استعدادِ کار، پولیس افسران و جوانوں سے متعلق امور اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے، آپریشنل رسپانس بہتر کرنے، پولیس وسائل کے موثر استعمال اور شہریوں کو بروقت اور معیاری پولیس سروسز کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے افسران کو پیشہ ورانہ ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دینے، باہمی رابطوں کو مزید بہتر بنانے اور سکیورٹی و پولیسنگ کے مجموعی معیار کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پولیس افسران و جوانوں نے اپنے سرکاری اور ذاتی مسائل پیش کیے۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام درخواست گزاروں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ افسران کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کے جائز مسائل کا بروقت ازالہ محکمانہ امور کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ درخواستوں اور محکمانہ معاملات کو بلاوجہ التوا کا شکار نہ کیا جائے بلکہ تمام امور میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹائے جائیں۔کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس افسران و جوان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، لہٰذا ان کی فلاح و بہبود اور جائز مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے ماتحت افسران و جوانوں کے مسائل بھی توجہ سے سنیں اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس افسران اپنے مسائل اور محکمانہ امور کے سلسلے میں براہِ راست ان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کو مو¿ثر اور براہِ راست رسائی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ان کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل یقینی بنایا جا سکے

















