غوری ٹاؤن کے رہائشیوں کا گیس کے نئے کنیکشنز پر پابندی اور سی ڈی اے کی جانب سے این او سی کا اجراء نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

 
0
613

اسلام آباد،ستمبر30(ٹی این ایس):اسلام آباد کی رہائشی علاقے غوری ٹاؤن فیز فور اے کے رہائشیوں نے گیس کے کنکشنز کی بندش اور سی ڈی اے کی جانب سے غوری ٹاؤن کو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرہ کی قیادت غوری ویلفئیر اینڈ منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر رانا عبدالقیوم ایڈووکیٹ نے کی جبکہ، ملک عبدالوحید، ملک عامر احسان، ظفر عباسی، زاہد علی خان، منعم بلوچ، سرور خان، مصطفیٰ خان ، اسحاق کھٹانہ اور بڑی تعداد میں مظاہرین شریک ہوئے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سی ڈی اے کے خلاف اور گیس کنکشن فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رانا عبدالقیوم ایڈووکیٹ نے کہا کہ عرصہ چار سال سے سوئی گیس کے کنکشن بند کئے گئے ہیں جبکہ اس ٹاؤن میں گیس کی لائنیں موجود ہیں، تاہم چار سال سے سی ڈی اے نے اس سوسائٹی کو غیر قانونی قرار دے دیا جس کے بعد سے سوئی گیس کمپنی نے یہاں کے رہائشیوں کو گیس کنکشن دینا بند کر دیئے۔  مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر 1300 سے بڑھ کر 1950 روپے تک پہنچ گیا ہے اور غریب شہریوں کو گیس نہ ملنے سے بہت مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جن لوگوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی لیکر گھر بنائے انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور سی ڈی اے کو پابند کیا جائے کہ غوری ٹاؤن کو ریگولرائز کر کے این او سی جاری کیا جائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے فیز فور اے مین روڈ سے کلمہ چوک تک ریلی بھی نکالی اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی کہ ان کے حال پر عظیم کیا جائے اور یہاں گیس کی فراہمی کا حکم جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو سی ڈی اے اور پھر پریس کلب کے سامنے مظاہرے کئے جائیں گے ۔