کراچی (ٹی این ایس) کراچی سپر مارکیٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے متعدد مقدمات میں پولیس ریکارڈ پر موجود اور منشیات فروشی میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں آئس اور نقد رقم برآمد کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہونے پر ایس ایچ او تھانہ سپر مارکیٹ کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے فوری کارروائی کی اور سلمان ولد رسول بخش نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم متعدد مقدمات میں آئی آر لسٹڈ جبکہ منشیات فروشوں کی فہرست میں بھی شامل تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 105 گرام آئس اور 1600 روپے نقد برآمد ہوئے۔ پولیس نے برآمد شدہ منشیات اور نقد رقم کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی مقدمہ نمبر 436/24 بجرم دفعہ 9(1)3A تھانہ سپر مارکیٹ درج کیا جا چکا ہے، جس سے ملزم کے سابقہ ریکارڈ کا بھی انکشاف ہوتا ہےتازہ کارروائی کے بعد گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 587/26 بجرم دفعہ 9(2)4 انسدادِ منشیات ایکٹ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کی خرید و فروخت، سپلائی کے ذرائع اور اس سے منسلک دیگر افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انچارج سی آئی سی لیاقت آباد کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سپر مارکیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور علاقے میں منشیات کے کاروبار کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔















