اسلام آباد (ٹی این ایس) تھانہ رمنا، صدر زون اسلام آباد کی حدود میں جی-10 مرکز کے گلستان پلازہ، فلیٹ نمبر 8 کی رہائشی لائبہ اعجاز دختر محمد اعجاز، عمر تقریباً 20 تا 22 سال، غیر شادی شدہ اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ تھیں۔
اطلاعات کے مطابق، مذکورہ طالبہ کی لاش اتوار بازار کے قریب ٹریفک پولیس کی پرانی چوکی کے ساتھ واقع گرین بیلٹ سے ملی ہے۔ واقعے کو مبینہ خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، طالبہ نے امریکہ جانے کے سلسلے میں نعمان نامی ایجنٹ کو مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ فراہم کردہ دستاویزات کے جعلی ہونے کی اطلاع کے بعد وہ مبینہ طور پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ واقعے کی اصل وجوہات پولیس تفتیش مکمل ہونے کے بعد واضح ہوں گی۔
مزید اطلاعات کے مطابق، طالبہ آج تقریباً 2 بجے گھر سے نکلی تھیں۔ اہل خانہ کی جانب سے تلاش کے دوران ان کی لوکیشن مذکورہ مقام پر موصول ہوئی، جہاں سے ان کی لاش ملنے کی اطلاع ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ رمنا، ہومی سائیڈ یونٹ اور دیگر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کی جانب سے شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔
واقعے کی وجوہات، ایجنٹ کے کردار اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں مزید حقائق پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔
مزید معلومات اور پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔













