راولپنڈی (ٹی این ایس) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ، آرپی او نے پاک سری لنکا ٹی 20پہلے میچ کی سیکورٹی کے لیے کیے گئے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا،ایس ایس پی آپریشنزراولپنڈی طارق محبوب اور دیگر متعلقہ افسران بھی موقع پر موجودتھے۔دورے کے دوران ایس ایس پی آپریشنز نے آر پی او راولپنڈی کو سٹیڈیم کی سیکورٹی، پولیس نفری کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، شائقین کرکٹ کی آمدورفت اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایس ایس پی آپریشنز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹیڈیم کے اطراف روف ٹاپ پر سنائپر تعینات کیے گئے ہیں، سٹیڈیم اور اطراف کی سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانٹیرنگ کی جارہی ہے جبکہ مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔آر پی او بابر سرفراز الپا نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کویقینی بناتے ہوئے شائقین کرکٹ، کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر متعلقہ افراد کی حفاظت کو ہر صورت موثر بنایا جائے اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار پوری ذمہ داری، الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ، مشکوک افراد اور اشیاء پر کڑی نظر، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔ تمام متعلقہ افسران آپس میں قریبی رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن برقرار رکھیں تاکہ سکیورٹی اور انتظامی امور کو احسن انداز میں انجام دیا جا سکے۔آر پی او راولپنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں اور شائقین کرکٹ کو محفوظ ماحول فراہم کرنا راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔














