اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی بہترین کارکردگی پر پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ایس ایس پی آپریشنز نے پولیس افسران و جوانوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔مزید براں شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور ان کے فوری ازالے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق سینئر سپرٹینڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ بمعہ ٹیم اور سی آر ٹی ٹیم کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف پولیس فورس کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے اہم ہے۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا میرٹ کی بنیاد پر اعتراف اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا، کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کے معیار کو مؤثر بنانا ہے۔علاوہ ازیں، ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری اور میرٹ پر ازالہ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہری بلا کسی سفارش براہِ راست کھلی کچہری میں شرکت کرکے اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے اور ان کی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔





















