وفاقی کابینہ میں جیلوں سے اےسی نکلوانے کیلئے نیب قوانین کا ترمیمی مسودہ پیش

 
0
395

اسلام آباد اکتوبر 14 (ٹی این اایس): وفاقی کابینہ میں جیلوں سے ایئرکنڈیشنز نکلوانے کیلئے نیب قوانین کا ترمیمی مسودہ پیش کردیا گیا، نیب آرڈیننس میں ترمیم کے مطابق 5 کروڑ سے زائد کرپشن کے ملزم کو سی کلاس میں رکھا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے امریکا میں اپنے خطاب میں جیلوں میں نیب ملزمان سے اے سی کی سہولت واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں جیلوں سے ایئرکنڈیشنز نکلوانے کیلئے نیب قوانین کا ترمیمی مسودہ پیش کردیا گیا ہے۔ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے مطابق 5 کروڑ سے زائد کرپشن کے ملزم کو سی کلاس میں رکھا جائے گا۔ ملزم کو انکوائری اور انویسٹی گیشن یا ٹرائل کے دوران بھی سی کلاس جیل میں رکھا جائے گا۔ اسی طرح اجلاس میں خواتین کو وراثت میں حقوق دلانے کیلئے بھی آرڈیننس پیش کیا گیا ہے۔
خواتین کو وراثت میں حقوق کا قانون آرڈیننس سے نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ آرڈیننس کے تحت خواتین کی درخواست پر وراثت میں ان کا حق ملے گا۔ آرڈیننس کے تحت متاثرہ خواتین کو2 ماہ کے اندر وراثت میں ان کا حق دلوایا جائے گا۔ وفاقی محتسب متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور پولیس کی مدد سے وراثت کا حق دلوائیں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ ایران اور ایرانی قیادت سے ملاقاتوں سے متعلق بتایا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے دونوں ملکوں کے درمیان امن اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی۔ جبکہ وزیراعظم نے کابینہ کو دورہ چین سے متعلق اعتماد میں لیا۔ اسی طرح حکومت نے بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 میں بھی ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ کے سیکشن 2 میں شق نمبر 31 کا اضافہ کیا جائے گا۔
بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ میں نئی شق کے اضافے کے ذریعے ’’وسل بلور‘‘ کی تعریف شامل کی گئی ہے کوئی بھی شخص کسی بھی اینٹی کرپشن قانون کے تحت بے نامی اثاثوں کی نشاندہی کرسکے گا، وسل بلور نیب، ایف آئی اے، اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ اور کسی بھی قانون کے تحت شکایت کر سکے گا۔ اجلاس میں رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 کا جائزہ لیا جائے گا اسلام آباد کے نئے ماسٹر پلان پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔