اسلام آباد (ٹی این ایس) ڈی آئی جی علی وسیم کا اردل روم۔افسران و جوانوں کے مسائل سنے، فوری حل کے لیے احکامات جار ی۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کے سروس سے متعلق اور ذاتی مسائل براہِ راست سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں پر میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور کسی بھی معاملے کو بلاوجہ التوا کا شکار نہ کیا جائے۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، ان کے جائز مسائل کا فوری حل اور بہتر سہولیات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس کو درپیش مسائل کے حل، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری اور افسران و جوانوں کو مؤثر محکمانہ معاونت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک مؤثر اور پیشہ ور پولیس فورس کے لیے ضروری ہے کہ افسران و جوانوں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ وہ پوری یکسوئی، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بہترین پولیس سروسز کی فراہمی کو یقینی بنا سکیں














