اسلام آباد (ٹی این ایس) کی مساجد میں کھلی کچہریوں کا انعقاد۔ زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شہریوں کے مسائل سنے، فوری حل کے لیے احکامات جاری۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کے زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے علاقوں کی مساجد میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جس میں علاقہ معززین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے مسائل بیان کیے اور علاقائی بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔کھلی کچہریوں کے دوران پولیس افسران نے شہریوں کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور حل طلب مسائل کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔ شہریوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی یقین دہانی کروائی گئی۔اس موقع پر پولیس افسران نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر عوامی شکایات اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ تمام افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ برقرار رکھنے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور خدمت کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔ شہریوں کی جانب سے نشاندہی کیے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں اور جرائم کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔پولیس افسران نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد پولیس اور عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانا، باہمی اعتماد کو فروغ دینا اور شہریوں کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔اس موقع پر علاقہ معززین نے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کی اس عوام دوست کاوش کو سراہا۔























