رحیم یار خان (ٹی این ایس) اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد سلمان قیوم شیخ کے مختلف علاقوں کے دورے، صفائی، پولیو مہم، صحت، قیمتوں اور سیوریج کے انتظامات کا جائزہ

 
0
6

رحیم یار خان (ٹی این ایس) اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد سلمان قیوم شیخ نے شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، پولیو مہم، صحت عامہ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، ون ڈش پالیسی اور سیوریج کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے چک نمبر 146-P کا دورہ کیا اور علاقے میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو صفائی کے نظام میں مزید بہتری لانے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مختلف پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا اور ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران کوئی بھی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ حکومت کے وژن کے مطابق ہر بچے تک رسائی یقینی بنا کر پولیو فری پاکستان کے ہدف کے حصول کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

بعد ازاں مختلف میرج ہالز کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو حکومتی احکامات کے مطابق ون ڈش پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے سستے آٹے کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سیل پوائنٹس کا دورہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ سبسڈی کے تحت عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے مریم نواز ہیلتھ کلینک کا بھی دورہ کیا، جہاں ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات، صفائی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

دورے کے آخری مرحلے میں اسسٹنٹ کمشنر نے چک نمبر 166-P کا دورہ کیا اور علاقے میں سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو مسائل کے فوری حل اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر سلمان قیوم شیخ نے اس موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔