اسلام آباد (ٹی این ایس) ٹریفک پولیس کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں روڈ سیفٹی آگاہی سیشن۔ طلبہ کو ٹریفک قوانین، محفوظ ڈرائیونگ اور ڈرائیونگ لائسنس کے قانونی تقاضوں سے آگاہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ کے لیے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن کے دوران طلبہ کو ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ ڈرائیونگ اور سڑکوں پر ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے طریقہ کار، قانونی تقاضوں اور لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے سے متعلق قوانین پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر ٹریفک پولیس افسران نے کہاکہ روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی اور شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں ایسے سیشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفری ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
















