اسلام آباد (ٹی این ایس) بارانی زرعی یونیورسٹی کا عالمی شہرت یافتہ میگزین ’’دی ورلڈ ایمبیسیڈر‘‘ اور سی این این (اردو) کے ساتھ میڈیا تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

 
0
2

اسلام آباد (ٹی این ایس) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے عالمی شہرت یافتہ میگزین ’’دی ورلڈ ایمبیسیڈر‘‘ اور سی این این (اردو) ڈیجیٹل ای پیپر و نیوز چینل کے ساتھ میڈیا تعاون کو فروغ دینے اور یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی، توسیعی اور دیگر ادارہ جاتی سرگرمیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ یہ تقریب بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے یونیورسٹی کی جانب سے جبکہ محترم عابد صدیق چوہدری نے ’’دی ورلڈ ایمبیسیڈر‘‘ اور محترم شہباز نے سی این این (اردو) کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور معاشرے کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ جامعات محض تعلیم و تدریس کے مراکز نہیں بلکہ تحقیق، جدت، علم کی تخلیق اور معاشرتی مسائل کے حل میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ لہٰذا ان کی علمی و تحقیقی خدمات اور کامیابیوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے مؤثر میڈیا کوریج ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی میڈیا تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، علمی کامیابیوں اور ادارہ جاتی خدمات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مؤثر اور احسن انداز میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ذمہ دارانہ میڈیا کوریج جامعات اور معاشرے کے درمیان فاصلے کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے سائنسی دریافتوں، تحقیقی نتائج اور تعلیمی مواقع سے پالیسی سازوں، صنعت، کسانوں، طلبہ اور عام عوام کو آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

جناب عابد صدیق چوہدری اور جناب شہباز نے یونیورسٹی کے بہترین تعلیمی ماحول، جدید تحقیقی سہولیات اور ادارہ جاتی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے میڈیا اداروں کے ذریعے یونیورسٹی کے تعلیمی اقدامات، تحقیقی خدمات، جدید اختراعات اور نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کریں گے تاکہ یونیورسٹی کی خدمات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید متعارف کروایا جا سکے۔

اس اشتراک کے تحت یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کو اپنے علمی و تحقیقی مضامین میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع کروانے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، جبکہ نمایاں علمی و تحقیقی خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور طلبہ کے خصوصی انٹرویوز کے ذریعے ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو اجاگر کیا جا سکے گا۔

وائس چانسلر نے جناب عابد صدیق چوہدری اور جناب شہباز کی جانب سے یونیورسٹی کے ساتھ پیشہ ورانہ تعاون میں دلچسپی کو سراہا اور علم کے فروغ، تعلیمی معیار کی بہتری اور میڈیا اداروں کے ساتھ تعمیری روابط کے قیام کے لیے ایریڈ یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔