اسلام آباد (ٹی این ایس)پاکستان کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد 15 اور 16 نومبر 2026 کو ایک تاریخی سفارتی اور معاشی پیش رفت کا گواہ بنا، جب اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتام پر “اسلام آباد اعلامیہ” اور “اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035” (ECO Vision 2035) کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے اس دو روزہ اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود نے متفقہ طور پر جس لائحہ عمل کی توثیق کی ہے، اسے سفارتی و معاشی حلقوں میں پاکستانی موقف کی ایک بڑی اور فیصلہ کن فتح قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان جس علاقائی رابطہ کاری، معاشی انضمام، پرامن بقائے باہمی اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کی وکالت کر رہا تھا، اسلام آباد اعلامیہ میں ان تمام نکات کو تنظیم کی آئندہ دہائی کی پالیسی کا بنیادی محور بنا دیا گیا ہے۔
اس اجلاس کی کامیابی کو سمجھنے کے لیے خطے کے بدلتے ہوئے جغرافیائی و معاشی حالات کا جائزہ لینا نہایت ضروری ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں معاشی تحفظ پسندی، تجارتی جنگیں اور جغرافیائی کشیدگیاں عروج پر ہیں، پاکستان نے علاقائی تعاون کے احیاء کا نعرہ بلند کیا۔ اجلاس کا مرکزی موضوع “مضبوط ای سی او کے لیے علاقائی تعاون کا احیاء” (Reviving Regionalism for a Resilient ECO) دراصل پاکستان کی اسی سوچ کا عکاس تھا۔ پاکستان نے رکن ممالک کے سامنے یہ مقدمہ نہایت مدلل انداز میں پیش کیا کہ پچاس کروڑ سے زائد آبادی، بے پناہ قدرتی وسائل اور تزویراتی محلِ وقوع کا حامل یہ خطہ اس وقت تک عالمی معاشی طاقت نہیں بن سکتا جب تک رکن ممالک اپنے باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر معاشی مفادات کے تحت متحد نہیں ہو جاتے۔ اسلام آباد اعلامیہ میں اس سوچ کی مکمل تائید اس بات کا ثبوت ہے کہ ای سی او کے تمام دس رکن ممالک پاکستان کے وژن سے متفق ہیں۔
پاکستانی موقف کی سب سے بڑی فتح علاقائی رابطہ کاری کے ایجنڈے کی منظوری ہے۔ پاکستان کا دیرینہ مؤقف رہا ہے کہ جغرافیہ کو مجبوری کے بجائے طاقت بنایا جائے۔ وسطی ایشیائی ریاستیں، جو کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود خشکی میں گھری ہوئی ہیں، عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے مختصر ترین اور کم لاگت سمندری راستوں کی متلاشی ہیں۔ پاکستان نے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں، جدید شاہراہوں اور ریلوے منصوبوں کے ذریعے خود کو وسطی ایشیا کے لیے ایک قدرتی “ٹرانزٹ اور لاجسٹک حب” کے طور پر پیش کیا ہے۔ اسلام آباد اعلامیہ میں ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈورز کے فروغ، سرحدی گزرگاہوں پر کسٹم کے طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور علاقائی شاہراہوں و ریلوے نیٹ ورکس کو باہم منسلک کرنے پر جو اتفاقِ رائے ہوا ہے، وہ براہِ راست پاکستان کی جیو اکنامک پالیسی کی جیت ہے۔ استنبول-تہران-اسلام آباد (ITI) کارگو ٹرین اور سڑک کی راہداری کو فعال بنانے اور ازبکستان-افغانستان-پاکستان (UAP) ریلوے جیسے منصوبوں کی اہمیت کو تسلیم کیا جانا اس بات کی علامت ہے کہ خطے کا معاشی مستقبل پاکستان کی گزرگاہوں سے جڑا ہوا ہے۔

سفارتی محاذ پر بھی اسلام آباد اجلاس نے بھارت اور دیگر مخالف قوتوں کے اس پروپیگنڈے کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے جس کے ذریعے پاکستان کو علاقائی اور عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔ اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، ترکیے، آذربائیجان، قازقستان، ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان اور کرغزستان کے اعلیٰ سطح کے وفود کے ساتھ ساتھ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے نمائندوں کی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا کہ پاکستان خطے کا ایک ناگزیر اور مرکزی ملک ہے۔ مزید برآں، 2026-2027 کے لیے ای سی او کی صدارت پاکستان کے سپرد ہونا اور آئندہ سال 2027 میں 19ویں ای سی او سربراہی اجلاس (ECO Summit) کی میزبانی کا فیصلہ پاکستان پر رکن ممالک کے غیر متزلزل اعتماد کا مظہر ہے۔
اسلام آباد اعلامیہ میں علاقائی امن اور تنازعات کے پرامن حل کے حوالے سے بھی پاکستان کے اصولی موقف کی بھرپور گونج سنائی دی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے کے مسائل کا حل طاقت کے استعمال یا یکطرفہ اقدامات کے بجائے بامقصد مکالمے، سفارتکاری اور بین الاقوامی قوانین کے احترام میں پوشیدہ ہے۔ اجلاس کے دوران اور اس کی سائیڈ لائن ملاقاتوں میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے رکن ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ خطے کی سیکیورٹی صورتحال، افغانستان میں استحکام کی ضرورت اور مشرقِ وسطیٰ کے بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیہ میں خطے میں پائیدار امن و استحکام کو معاشی ترقی کی اولین شرط قرار دیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے، جو کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے مکمل مطابقت رکھتا ہے۔
معاشی تعاون کے حوالے سے “اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035” کی منظوری ایک اور بڑا سنگِ میل ہے۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ای سی او کو محض رسمی اجلاسوں تک محدود رکھنے کے بجائے ایک نتیجہ خیز معاشی بلاک بنایا جائے، جہاں باہمی تجارت کے حجم کو کئی گنا بڑھایا جا سکے۔ اس نئے دس سالہ وژن میں ای سی او تجارتی معاہدے (ECOTA) پر مکمل عملدرآمد، ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے، اور مقامی کرنسیوں یا بارٹر ٹریڈ کے ذریعے تجارت کو فروغ دینے جیسے عملی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، پاکستان کی تجویز پر ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، اور نجی شعبے کی شمولیت کو وژن 2035 کا لازمی حصہ بنایا گیا ہے تاکہ رکن ممالک کے تاجروں، صنعت کاروں اور نوجوان کاروباری افراد کو براہِ راست ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کے مواقع میسر آ سکیں۔
توانائی کے شعبے میں تعاون بھی اسلام آباد اعلامیہ کا ایک نمایاں جزو ہے۔ پاکستان کو اپنی صنعتی اور گھریلو ضروریات کے لیے سستی اور پائیدار توانائی درکار ہے، جبکہ وسطی ایشیائی ریاستوں اور ایران کے پاس تیل، گیس اور پن بجلی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ پاکستان نے اجلاس میں کاسا-1000 (CASA-1000) اور تاپی (TAPI) گیس پائپ لائن جیسے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ اعلامیہ میں علاقائی توانائی منڈی کی تشکیل، بجلی کی ترسیل کے نظام کو باہم جوڑنے اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے، جس سے پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تحفظ کا مسئلہ بھی اس اجلاس میں پاکستان کی سفارتی ترجیحات میں سرفہرست رہا۔ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو گلوبل وارمنگ، گلیشیئرز کے پگھلنے، تباہ کن سیلابوں اور زرعی پیداوار میں کمی جیسے خطرات سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ اسلام آباد میں پاکستان نے اس نکتے کو بھرپور انداز میں اٹھایا کہ موسمیاتی تبدیلی کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پورے خطے کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ چنانچہ، اسلام آباد اعلامیہ میں “کلائمیٹ ریزیلینٹ” (Climate-Resilient) معیشتوں کی تعمیر، آبی وسائل کے پائیدار انتظام، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر مشترکہ فنڈز اور تجربات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا، جو کہ پاکستان کی ماحولیاتی سفارتکاری کی ایک اہم کامیابی ہے۔

پاکستان نےای سی او کی صدارت سنبھالتے ہوئے آئندہ دہائی کے لیے تنظیم کے اہداف متعین کرنے پر زور دیاہے۔ “اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035” کو باقاعدہ منظور کر لیا گیا ہے۔ اس کے تحت ڈیجیٹل تجارت، توانائی کے منصوبوں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجویز کردہ فریم ورک کو اپنایا گیا ہے۔ای سی او اسلام آباد اعلامیہ پاکستان کی سفارتی اور معاشی حکمت عملی کی ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران اور اس کی سائیڈ لائن ملاقاتوں میں پاکستان نے خطے کے تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے بجائے مکالمے اور سفارتکاری کو واحد راستہ قرار دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر رکن ممالک کے وفود نے خطے میں امن و استحکام اور باہمی اشتراک کے حوالے سے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا,ر سفارتی ماہرین کے مطابق، اسلام آباد اعلامیہ نے ای سی او کو ایک فعال اور نتیجہ خیز بلاک بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ 2027 کے سربراہی اجلاس تک پاکستان بطور چیئرمین ان فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گا، جس سے خطے میں معاشی استحکام اور تجارتی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا آغاز متوقع ہے۔
* بھارت کی جانب سے پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی کوششوں کے برعکس، اسلام آباد میں دس رکن ممالک اور عالمی تنظیموں کے اعلیٰ سطح کے وفود کی شرکت نے خطے میں پاکستان کی ناگزیر اہمیت ثابت کی ہے۔
مزید برآں، 2027 میں 19ویں ای سی او سربراہی اجلاس (ECO Summit) کی میزبانی بھی پاکستان کو سونپی گئی ہے۔
* عوام دوست معاشی ترقی: پاکستان کی تجویز پر اعلامیہ میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ علاقائی تعاون کے ثمرات محض معاہدوں تک محدود نہ رہیں۔ اس کے بجائے تجارت، توانائی اور سیاحت کے ذریعے رکن ممالک کے عام شہریوں کے معیارِ زندگی میں حقیقی بہتری لائی جائے۔

•پاکستان علاقائی رابطہ کاری کا مرکز : پاکستان کا دیرینہ موقف رہا ہے کہ خطے کی ترقی کا راز زمینی، سمندری اور فضائی روابط کے فروغ میں مضمر ہے۔ اعلامیہ میں ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈورز اور کسٹم قوانین میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان کی بندرگاہوں اور شاہراہوں کو وسطی ایشیائی ریاستوں کی تجارت کے لیے مرکزی گزرگاہ بنانے کے ہدف کی تائید کرتا ہے
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں رکن ممالک نے علاقائی رابطوں، آزاد تجارت اور مشترکہ خوشحالی سے متعلق پاکستان کے پیش کردہ وژن کی بھرپور تائید کی ہےسیاحت اور ثقافتی روابط کے فروغ کے حوالے سے بھی پاکستان کی تجاویز کو اعلامیہ میں خصوصی جگہ دی گئی ہے۔ شاہراہِ ریشم کی تاریخی روایات، صوفیانہ ورثے اور مشترکہ تہذیبی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان نے رکن ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے، ویزا پالیسیوں میں نرمی لانے اور فضائی رابطوں میں اضافے کی تجویز دی۔ اعلامیہ میں ثقافتی تبادلوں اور مشترکہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ خطے کے عوام کے درمیان باہمی محبت اور ہم آہنگی بھی بڑھے گی۔

تاہم، اسلام آباد اعلامیہ کی منظوری اور پاکستانی موقف کی اس شاندار سفارتی فتح کے بعد اصل امتحان ان فیصلوں پر عملی عملدرآمد کا ہے۔ ماضی کا تجربہ ہمیں بتاتا ہے کہ ای سی او کے پلیٹ فارم سے کئی اچھے معاہدے طے پائے، لیکن بیوروکریٹک رکاوٹوں، فنڈز کی کمی اور علاقائی حالات کی وجہ سے ان پر عملدرآمد کی رفتار سست رہی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ 2026-2027 کے لیے تنظیم کی صدارت خود پاکستان کے پاس ہے، اور آئندہ سال 2027 میں اسلام آباد ہی میں سربراہی اجلاس منعقد ہونا ہے۔ یہ صورتحال پاکستان کو یہ سنہری موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ بطور چیئرمین ایک فعال مانیٹرنگ میکانزم قائم کرے اور تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر وژن 2035 اور اسلام آباد اعلامیہ کے نکات کو زمینی حقیقت میں تبدیل کرے۔مجموعی طور پر، اقتصادی تعاون تنظیم کا اسلام آباد اعلامیہ پاکستان کی متوازن، دور اندیش اور معاشی مفادات پر مبنی خارجہ پالیسی کا ثمر ہے۔ اس اجلاس نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان خطے میں تصادم کے بجائے تعاون، علیحدگی کے بجائے رابطہ کاری، اور جمود کے بجائے ترقی کا علمبردار ہے۔ اسلام آباد سے اٹھنے والی یہ آواز نہ صرف پاکستان کے معاشی استحکام اور عالمی وقار میں اضافے کا باعث بنی ہے بلکہ پورے ای سی او خطے کے کروڑوں عوام کے لیے امن، خوشحالی اور روشن مستقبل کی نوید لے کر آئی ہے,پاکستان کی زیرِ صدارت جاری اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے تیسویں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تنظیم کی صدارت کے دوران علاقائی تعاون کے احیا، تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کے فروغ سمیت پانچ ترجیحی شعبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کرے گا۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلی کے اس دور میں باہمی تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، کیونکہ خطے کو درپیش بیشتر چیلنجز قومی سرحدوں سے ماورا ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ خطہ منفرد اہمیت کا حامل ہے، جو بڑی منڈیوں اور وافر قدرتی وسائل کو آپس میں ملاتا ہے۔ علاقائی تعاون کا احیا نئے سرے سے سب کچھ شروع کرنے کا نام نہیں، بلکہ اس کا مقصد موجودہ بنیادوں کو مضبوط بنانا اور پہلے سے طے شدہ وعدوں کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔ واضح کیا کہ پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، باہمی احترام، خودمختاری کی برابری اور عدم مداخلت کے وژن کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان کی صدارت کے لیے پانچ بنیادی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ پہلی ترجیح تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہے، جس کے تحت علاقائی منڈیوں تک رسائی اور نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھایا جائے گا۔ دوسری ترجیح وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کو بحیرہ عرب کی پاکستانی بندرگاہوں سے ملانے والے ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط کو بہتر بنانا ہے، جبکہ تیسری ترجیح ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید اور ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا ہے انہوں نے بتایا کہ چوتھی ترجیح موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات جیسے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی مشترکہ صلاحیت بڑھانا ہے، جبکہ پانچویں ترجیح خطے کی نوجوان آبادی کی تعلیم، فنی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی پر سرمایہ کاری کرنا ہے۔
علاقائی امن اور سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی اقتصادی ایجنڈے کی کامیابی کے لیے امن اور استحکام ناگزیر ہے، کیونکہ عدم تحفظ اور تنازعات ترقیاتی منصوبوں اور تجارتی راستوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ پاکستان عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے، اور اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ کی قیادت دوست ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو ای سی او کے فریم ورک کا حصہ بن کر تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بامعنی پیش رفت اور پائیدار اقتصادی شراکت داری کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات اور خصوصاً دہشتگردی کے خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے 2025 کے دوران ای سی او کی صدارت نبھانے پر قازقستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی ٹرانسپورٹ روابط کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔













