مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تباہ حال معیشت کو بہتری اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیاوزیر داخلہ،

 
0
757

اسلام آباد اکتوبر 20 (ٹی این ایس) وزیر داخلہ، منصوبہ بندی ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ عمران خان اپنے سیاسی مستقبل سے مایوس ہو کر ملکی معیشت کے حوالے سے مایوسی پھیلا رہے ہیں، دو روز قبل بھی ایک عالمی جریدے نے پاکستان کا شمار دنیا کی پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں میں کیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تباہ حال معیشت کو بہتری اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا۔جمعہ کو نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ورلڈ بنک نے پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے پر حکومت پاکستان کی تعریف اور ملک میں جاری سیاسی ابتری کو معیشت کیلئے خطرہ قرار دیا ہے، گذشتہ چار سال کے دوران بار بار معاشی ترقی کا پہیہ جام کرنے کی کوششوں کے باوجود دس سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔ انہوں نے کہاکہ سٹاک ایکسچینج 53000 پوائنٹس کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی لیکن سیاسی افراتفری کے وجہ سے یہ رجحان برقرار نہ رہ سکا، سی پیک کی بدولت دس سال کے دوران سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان یہ بھی نہیں جانتے کہ قرضوں کو معیشت میں بہتری لانے اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے تو اس سے کچھ نقصان نہیں ہوتا، توانائی اور اندرا سٹرکچر کے منصوبوں سے ترقی کے دروازے کھلیں گے۔