اسلام آباد اکتوبر 26(ٹی این ایس) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی گرفتاری پر کہا ہے کہ شرجیل میمن کو احتساب عدالت کراچی کی طرف سے جاری کردہ وارنٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے اور یہ گرفتاری کرکے نیب نے عدالتی حکم کی تعمیل کی ہے اس لئے شرجیل میمن کی گرفتاری کو کسی کے ساتھ ناانصافی قرار دینا درست نہیں۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ اب احتساب بلا امتیاز اور قانون کے مطابق ہوگا اور کسی سے کسی قسم کا کوئی امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کو پیش نظر رکھا جائے کہ شرجیل میمن کے خلاف مجاز عدالت کے پاس ریفرنس زیر سماعت ہیں اور وارنٹس گرفتاری کا اجراء بھی مجاز عدالت نے کیا جس پر نیب نے معزز عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے قانون کے مطابق عمل درآمد کیا۔