متحدہ کو ختم کرنے کا کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ٗ خواجہ اظہار الحسن

 
0
301

کراچی نومبر 9(ٹی این ایس)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کی طرف سے متحدہ کو ختم کرنے کا کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ایک انٹرویو میں خواجہ اظہار نے کہاکہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی بات پریس کانفرنس کے دوران پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کی تھی جو کہ وہ پہلے دن سے کہتے آرہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فی الحال نہ تو ایم کیو ایم کو چھوڑنے کی کوئی بات ہوئی نہ ہی اس کو ختم کرنے کا کوئی فیصلہ کیا گیا جبکہ نہ ہی مستقبل میں ایسا ہوگا۔رکن سندھ اسمبلی کے مطابق کراچی کے مسائل کو حل کرنے اور انتخابات میں ووٹرز کو تقسیم ہونے سے روکنے کے لیے ایم کیو ایم اور پی ایس پی نے مذاکرات کے ذریعے ایک سیاسی اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا، لیکن کوئی جماعت بھی کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں ہوئی۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک نام، ایک نشان اور ایک منشور کے ساتھ سیاست کریں گے اور اس وقت دو نام پہلے سے موجود ہیں اور کیونکہ سیاست میں کچھ بھی حتمی نہیں ہوتا، لہذا تیسرے نام کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایم کیو ایم کو دفن کرنے کی جو باتیں کی گئیں ان سے متحدہ پاکستان کے کارکنان کی دل آزاری ہوئی تھی، مگر گزشتہ روز کے مذاکرات میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ اب دونوں جماعتوں میں سے کوئی بھی کسی کے خلاف بات نہیں کرے گا۔