عید الفطر قریب آتے ہی کراچی بھر میں شاپنگ سینٹر ز،مارکیٹ میں رش،پارکنگ وپتھارا مافیا سرگرم، بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا ہے، پولیس نے بھی اسنیپ چیکنگ کے نام پر عیدی وصولی شروع کر رکھی ہے

 
0
509

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس):  عید الفطر کے قریب آتے ہی شہر بھر میں شاپنگ سینٹر ز،مارکیٹ میں رش کے اور پارکنگ مافیاوپتھارا مافیا کے سرگرم ہونے سے بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ،جبکہ پولیس نے بھی اسنیپ چیکنگ کے نام پر عیدی وصولی شروع کر رکھی ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ طارق نذیر نے کہاہے کہ عیدی کے نام پر لوٹ مار قابل مذمت ہے ، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ، اعلیٰ حکام صورت حال کا نوٹس لیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں عید الفطر کی تیاریوں کے لیے شہریوں نے شاپنگ مال اور مارکیٹوں کا رخ کر لیا ہے،شہریوں کی آمد کے ساتھ ہی پارکنگ مافیا بھی سرگرم ہوگئی ہے سڑک پر قبضہ کرکے خریداروں سے پارکنگ کے نام پر لوٹ مار کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کے اعتراض پر پولیس اہلکار پارکنگ مافیا کی مدد کو پہنچ کر زبردستی پیسے وصول کر رہے ہیں پولیس و ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے پارکنگ مافیا نے سڑک پر قبضہ کیے جانے سے شہر کے بھر میں بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ،شہر کے مختلف علاقوں ناظم آباد، حیدری مارکیٹ ،گلشن اقبال،طارق روڈ مارکیٹ،کلفٹن ،ڈیفنس ،ملیر ،کورنگی ،لانڈھی ،خالد بن ولید روڈ،پاپوش نگر،،جامع کلاتھ مارکیٹ صدر،کھارادر،بولٹن مارکیٹ اولڈ سٹی ایریا کے دیگر علاقوں میں بھی قائم مارکیٹوں اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام معمول ہے،جبکہ پولیس و ضلعی انتظامیہ شہریوں کو پارکنگ کی سہولت ـفراہم کرنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے جبکہ بااثر پارکنگ مافیا اور پتھارا مافیا کو سہولت فراہم کی جارہی ہے۔شہریوں کا کہناہے کہ پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران و کارندے شہریوں سے لوٹ مار کرکے اپنا پیٹ بھر رہے ہیں ،اور لوٹ مار کے لیے پارکنگ مافیااور پتھارا مافیا کو استعمال کر تے ہیں ہر سال عید الفطر کی تیاریوں کے دوران اسی طرح ٹریفک جام رہتا ہے لیکن صوبے کی انتظامیہ کئی سالوں کے تجربوں کے باوجود شہریوں کوسہولت فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے بھی پولیس کوئی بہتر حل نہیں نکال سکی ہے ۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں سے عیدی کے نام پر بدترین لوٹ مار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کی نااہلی کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ پولیس کے اعلیٰ حکام صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کو تنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔جگہ جگہ شاہراہوں پر موٹرسائیکل اور رکشا سواروں کو کاغذات اورلائسنس کے نام پر تنگ کیا جارہا ہے اور عیدی کے نام پر بھاری رشوت وصول کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے خصوصاً تجارتی علاقوں میں ٹریفک نظام درہم برہم ہے۔خواجہ طارق نذیر نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو ہراساں اور تنگ کرنے کا نوٹس لیں اور غریب عوام سے عیدی کے نام پر رشوت وصول کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔