کراچی: مختلف علاقوں سے 8 ملزمان اور 20 مشتبہ افراد گرفتار

 
0
437

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس):  رینجرز ، پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان اور 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے ، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے پریڈی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد سہیل عرف وقار کو گرفتار کرلیا جو اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔

رینجرز نے فریئر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم جنید احمد عرف مشرف پٹھان کو گرفتار کیا جو منشیات فروشی میں ملوث ہے، شاہ لطیف انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم انور کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم نے 3 جون کو فائرنگ کرکے حاجی شاد کو زخمی کیا تھا ، ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے،سائٹ اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سمیع اللہ کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ، خواجہ اجمیر نگری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کامران کوگرفتار کرکے اسکے قبضے سے منشیات برآمد کرلیں،سائٹ سپر ہائی وے بنگالی موڑ کے قریب پولیس اور رینجرز کی اسنیپ چیکنگ کے دوران 2 موٹرسائیکل سواروں نے فرارہونے کی کوشش کی،پولیس رینجرز کے تعاقب پر ملزمان نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے2 زخمی ملزمان سمیت3 ملزمان الیاس،علی رضا اور ساجد خان کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق ملزمان شہری سے لوٹ مار کرکے آرہے تھے،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور 2 موٹرسائیکلیں ملی ہیں، بلوچ کالونی دادا بھائی ٹاؤن میں پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلیے تھانے منتقل کردیا۔