کراچی:تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا عمل جا ری ہے، کلفٹن بلاک5 میں ساڑھے 6 لاکھ اسکوائر فٹ سڑکوں کی تعمیر کو 2 دن میں مکمل کرلیں گے: وسیم اخر

 
0
284

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس):  میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا عمل جا ری ہے ، کلفٹن بلاک5- میں ساڑھے 6 لاکھ اسکوائر فٹ سڑکوں کی تعمیر کو 2 دن میں مکمل کرلیں گے جس سے ایس ٹی ۔22 ، ایس ٹی۔15 اور معین اختر پارک بلاک5- کے اطراف میں رہنے والے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی جبکہ اورنگی ٹاؤن میں یوسی 28 ،شاہراہ قذافی کی تعمیر اور استرکاری کا کام آج شروع کردیا جائے گا، 2018 ء کے انتخابات قریب ہیں اور ان انتخابات میں ہم بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے اور جیت کر شہر کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔ بعض لوگ کراچی سے الیکشن لڑنے کا شوق رکھتے ہیں ،انتخابات ثابت کریں گے کہ اصل نمائندے کون ہیں۔یہ بات انہوں نے بلاک5- کلفٹن میں تعمیر ہونے والی سڑک کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، محفوظ یار خان، عادل خان، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر جنرل ورکس اقتدار احمد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ گزشتہ 10سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کو درست کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جن ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے ان میں سڑکوں کی تعمیر، پارکوں کی تزئین و آرائش ، سیوریج لائنوں کی درستگی، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی شامل ہیں، سڑک کی تعمیر کے معائنہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر آگے بڑھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کراچی سے الیکشن لڑنے کا شوق رکھتے ہیں لیکن کراچی کے لوگ نہ صرف ان برساتی مینڈکوں کو جانتے ہیں بلکہ انتخابات کے بعد یہ ثابت کریں گے کہ کراچی کے اصل نمائندے کون ہیں۔