ملک بھر سے کراچی میں آئے ہوئے ہزاروں گداگرشہر کے لیے سکیورٹی رسک بن گئے،2لاکھ سے زائد گدا گر شہر کے تمام ٹریفک سگنلز، مساجد، مزارات، شاپنگ سینٹرز اور اہم مقامات میں پھیل چکے

 
0
555

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فقیروں کی مانیٹرنگ کا عمل سخت کردیا

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس):  ملک بھر سے کراچی میں آئے ہوئے ہزاروں گداگرشہر کے لیے سکیورٹی رسک بن گئے ،دہشت گرد اہم شاہراہوں، مساجد اور تجارتی مراکز میں گداگروں کے بھیس میں کارروائی کرسکتے ہیں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فقیروں کی مانیٹرنگ کا عمل سخت کردیا ۔ ایک اندازے کے مطابق 2لاکھ سے زائد گدا گر شہر میں آکر مختلف علاقوں میں پھیل چکے ہیں ،شہر کے تمام ٹریفک سگنلز، مساجد، مزارات، شاپنگ سینٹرز اور اہم مقامات گداگر مافیا میں تقسیم ہوچکے ہیں۔

عام دنوں میں جس سگنل پر 4سے5گداگر کھڑے ہوتے تھے وہاں 10سے12گداگر کھڑے ملتے ہیں، رات گئے تک شیر خوار بچوں سے لے کر 80سال کے بوڑھے ، خواتین، رد گداگر شہر کے ہر حصے میں نظر آرہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر علاقے کا ٹھیکدار ہوتا ہے۔ جو پیشہ ور گداگروں کو کھانا، رہائش اور پک اینڈ ڈراپ کے علاوہ یومیہ اجرت دیتا ہے۔ کوئی گداگر اپنے علاقے کے سواکسی دوسرے علاقے میں بھیک نہیں مانگ سکتا۔ بھیک مانگنے والوں کی ٹولیوں نے شہر کے10 علاقوں سے زائد جن میں مچھر کالونی‘ سہراب گوٹھ‘ شیر شاہ‘ شاہ لطیف ٹاؤن‘ ملیر کھوکھرا پار‘ خدا کی بستی‘ سرجانی ٹاؤن‘ کیماڑی کے مختلف علاقوں‘ ماڑی پور‘ مشرف کالونی‘ ابراہیم حیدری‘ اور کورنگی روڈ پر واقع پاکستان ریلوے کے وسیع و عریض خالی پلاٹ میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔گداگر خاندانوں نے کراچی کے مختلف علاقوں مواچھ گوٹھ، ماڑی پور، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی، میٹھادر، کھارادر، رنچھوڑ لائن، برنس روڈ، تین ہٹی، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ ٹاؤن، ملیر، سہراب گوٹھ سمیت دیگر علاقوں کے فٹ پاتھوں، پارکوں، میدانوں، پلوں کے نیچے اپنی عارضی رہائش گاہ بنائی ہوئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں ہزارو ں کی تعداد میں موجود گداگر سیکورٹی رسک بن گئے ہیں اور دہشت گرد ان گداگروں کے بھیس میں دہشت گردی کی کوئی بڑی کارروائی کرسکتے ہیں ۔اہم شاہراہوں ،تجارتی مراکز اور مساجد کے اطراف میں گداگر باآسانی نقل و حرکت کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گداگروں کی مانیٹرنگ کا عمل سخت کردیا ہے اور ان کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ دہشت گرد ان کی بھیس میں کوئی کارروائی نہ کرسکیں۔