آئر لائنز کے پائلٹس اور عملے کی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق کیس کی سماعت، ائر لائنز کو 6 ہفتے میں ڈگریوں کی تصدیق کا عمل کرانے کا حکم

 
0
400

کراچی، جون 11 (ٹی این ایس):  عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں پی آئی اے سمیت دیگر آئر لائنز کے پائلٹس اور عملے کی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ائر لائنز کو 6 ہفتے میں ڈگریوں کی تصدیق کا عمل کرانے کا حکم دے دیا۔شاہین ائر لائن اور ائر بلیو نے عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہین ائر لائن کے 132 کے عملے میں سے 92 کی تصدیق ہو گئی ہے‘غیر تصدیق شدہ 64 ڈگریوں کی تصدیق کرائی جارہی ہے‘ائر بلو کی 245 میں 137 ڈگریوں کی تصدیق مکمل ہوگئی ہے جبکہ64 کی تصدیق کرائی جارہی ہے‘پی آئی اے کی 5883 میں 2900ڈگریوں کی تصدیق ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں صنعتی، فضائی آلودگی کے معاملے پرصدر ہندو جیم خانہ وینو ایڈوانی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آلودگی کے باعث ہمارے بچے مر رہے ہیں‘گاڑیوں پر پابندی عائد کی جائے‘ صنعتی فضلہ اور گندگی سمندر میں پھینکی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ صنعتی اور ماحولیاتی آلودگی پورے ملک کا مسئلہ بن گیا۔ عدالت چاروں ایڈووکیٹ جنرلز کو طلب کر کے تجاویز طلب کرے گی۔