پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے، وفاقی وزیر میاں ریاض پیرزادہ

 
0
375

اسلام آباد نومبر 9(ٹی این ایس)وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے اور پاکستان انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سے ملک میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لیاقت جمنازیم میں پاکستان انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد، پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ریاض پیرزادہ نے کہا کہ چین کے تعاون سے اسلام آباد میں سپورٹس یونیورسٹی کا قیام جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور چین کے تعاون سے سپورٹس ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوس کپ اور انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ جیسے ٹورنامنٹس کے پر امن انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے اور پاکستان میں سیکورٹی کے حالات ماضی سے بہت بہتر ہیں۔انہوں نے انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر فیڈریشن کے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا ٹورنامنٹ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ غیر ملکی کھلاڑی واپسی پر پاکستان کے متعلق اچھا تاثر لے کر جائیں گے۔ پاکستان انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں نو ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پاکستان سمیت افغانستان، مالدیپ، ترکی، سری لنکا، کمبوڈیا، شام، ویت نام اور نیپال شامل ہیں۔ ایونٹ میں پانچ کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں جن میں مینز سنگلز اینڈ ڈبلز، ویمن سنگلز اینڈ ڈبلز اور میکسڈ ڈبل شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 8 ہزار روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ 12 نومبر تک جاری رہے گا