ملک میں اربوں کھربوں لوٹنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں‘شہباز شریف

 
0
343

لاہور نومبر 9(ٹی این ایس)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ کس نے اربوں کھربوں لوٹے مگر انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں،کرپشن نے ہمارے نظام کوکھوکھلا کردیا ہے، ہم نے اپنا کردار نہ بدلا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی ۔ لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کے اشعار اور فرمودات زمان اور مکان کی قید سے آزاد ہیں، ان کی شاعری سے پوری دنیا کو روشنی ملتی ہے لیکن اس کے باوجود آج بھی ہم پستی کا شکار ہیں۔گزشتہ 70برس کے دوران ہم نے سب کچھ کیا مگر علامہ اقبالؒ کے فرمودات پر عمل نہیں کیا، ہم نے اقبال کے اشعار پڑھے، تقاریر کیں لیکن عملی طور پر عام آدمی کو کیا سہولتیں دی، معاشرے میں غریب اور امیر کے درمیان فرق ختم کرنے کے لیے کیا کوششیں کیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں اقرباپروری کو فروغ دیا گیا، احتساب کا عمل ختم ہوچکا ہے، کرپشن نے ہمارے نظام کوکھوکھلا کردیا ہے، آج کرپشن کرنے والے معاشرے میں اشرافیہ کہلاتے ہیں، سب جانتے ہیں کہ کس نے اربوں کھربوں لوٹے مگر انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ہم نے اپنا کردار نہ بدلا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔