پاکستان مسلم لیگ (ن)کاریاستی اداروں سے محاذ آرائی نہ کرنے کا فیصلہ

 
0
402

اسلام آباد نومبر13 (ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ریاستی اداروں سے محاذ آرائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ایک انٹرویوکے دور ان بتایا کہ پارٹی نے کسی بھی ادارے کے ساتھ لڑائی نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) محاذ آرائی سے گریز کرنا اور اپنی توجہ 2018 کے عام انتخابات پر مرکوز کرنا چاہتی ہے۔

پارٹی کی حکمت عملی واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو کرپشن کے ریفرنسز کا سامنا ہے تاہم سابق وزیر اعظم رواں ماہ سے رابطہ مہم کا آغاز کریں گے جس میں وہ آئندہ انتخابات کے لیے کارکنوں کو متحرک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے سپریم کورٹ پر تنقید عدلیہ کے ساتھ براہ راست تصادم نہیں تھا ٗہر کسی کو یہ حق ہے کہ وہ پاناما یا کسی بھی کیس میں ججوں کے ریمارکس پر تبصرہ کرسکے ٗشریف خاندان کی تنقید پاناما پیپرز کیس میں دیئے گئے ریمارکس پر تھی ججوں کے اوپر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حتی کہ ججوں کی جانب سے بھی فیصلے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے ٗان کا کہنا تھا کہ گارڈ فادر‘ اور ’مافیا‘ جیسے تبصرے کوئی قانونی نکات نہیں بلکہ یہ ججوں کے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے ساتھی کسی کے ساتھ لڑ کر اپنی توانائی ضائع نہیں کریں گے بلکہ وہ آئندہ انتخابات میں ووٹ کے احترام کو بحال کرنے اور اقتدار میں آنے کے لیے لڑیں گے ٗان سے جب پوچھا گیا کہ اطلاعات ہیں کہ بہت سے مسلم لیگ ( ن ) کے ایم این ایز اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں اور وہ مناسب وقت آنے پر پرواز بھی کرسکتے ہیں؟ جس پر پرویز رشید نے کہا کہ ایم این ایز کو یاد رکھنا چاہیے کہ انہوں نے نواز شریف کے نام پر ووٹ حاصل کیے اور انہیں یہ پتہ ہونا چاہیے کہ وہ اذئندہ انتخابات میں خود سے پارلیمان میں نہیں آسکتے۔