اسلام آباد کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کے تسلسل میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے اسفالٹ پلانٹ کو ماحول دوست ڈیکلیئر کر دیا

 
0
512

اسلام آباد جولائی 27 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کے تسلسل میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے اسفالٹ پلانٹ کو ماحول دوست ڈیکلیئر کیا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ماحول کو کسی قسم کے کوئی نقصان کا کوئی احتمال نہیں ہے۔

اس ضمن میں انوائرنمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (PAK-EPA)کے ساتھ مل کر ایک سٹڈی کی ہے جس میں انوائرنمنٹ کے عالمی معیار کو مدِ نظر رکھتے ہوئے متعلقہ ڈیٹا اکٹھا کر کے انوائرنمنٹ کو مزید بہتر بنانے اور انوائرنمنٹ سے متعلقہ تمام قوانین اور معیار کے مطابق جانچ پڑتال کی گئی ہے جس میں فضائی آلودگی، پانی کا معیار اورشور کے تناظر میں ماحولیاتی بہتری کا جائزہ لیا گیا۔ اس سٹڈی کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے اسفالٹ پلانٹ کی کارکردگی اور ماحولیاتی نتائج نیشنل انوائرنمنٹ کوالٹی سٹینڈرڈ(NEQs) کے عین مطابق ہیں اور اس سے ماحول کو کسی بھی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ سٹڈی کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کشمیر ہائی وے سے متصل ہونے کے باوجود اس اسفالٹ پلانٹ سے ماحول پر کسی بھی قسم کے منفی اثرات نہیں آ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسفالٹ مکسنگ پلانٹ جدید ٹیکنالوجی سے نہ صرف لیس ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے مطلوبہ ٹیکنالونی کا بھی حامل ہے۔ اس پلانٹ سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے اس میں گرد و غبار کو جذب کرنے کے لیے پرائمری اور سیکنڈری سطح پر یونٹ لگائے گئے ہیں جبکہ اس پلانٹ کے اردگرد لگائے جانے والے درختوں کی بڑی تعداد بھی پلانٹ سے نکلنے والی گرد کو جذب کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے اسفالٹ پلانٹ سے اسلام آباد کی تمام مرکزی شاہراؤں اور رہائشی سیکٹروں کے اندر چھوٹی سڑکوں کے علاوہ اسلام آباد کے کاروباری مراکز کی سڑکوں کی کارپیٹنگ کی جاتی ہے جبکہ اس اسفالٹ پلانٹ کے باعث اسلام آباد میں کی جانے والی کارپیٹنگ سے ادارے کو خاطر خواہ مالی بچت بھی ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے اسفالٹ پلانٹ کا شمار جدید اسفالٹ پلانٹس میں ہوتا ہے۔ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی خود انحصاری اور مالیاتی ڈسپلن کی پالیسیوں کے باعث اسلام آباد کی تمام شاہراؤں کی کارپیٹنگ کے لیے اسی اسفالٹ پلانٹ سے میٹریل حاصل کیا جا رہا ہے اور شہر کی تمام سڑکوں کی کارپیٹنگ کے لیے رواں سال کی جانے والی منصوبہ بندی کے تحت پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے سیکٹر ز کی سڑکوں اور گلیوں کی کارپیٹنگ کی جائے گی۔