پاک بحریہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال اتھل میں طبی ساز و سامان اور ادویات کی فراہمی

 
0
1873

اسلام آباد جولائی 27 (ٹی این ایس): پاکستان نیوی ملکی سمندری حدود کے دفاع کی بنیادی ذمہ داری نبھانے کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے عوام کی سماجی ترقی اور فلاح و بہبود میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔اس ضمن میں پاک بحریہ مستقل بنیادوں پر مقامی افراد کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کرتی رہتی ہے تاکہ ان علاقوں کے عوام کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔

پاک بحریہ کی فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں واقع ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال اتھل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک بحریہ کی جانب سے اسپتال کے لئے تیس لاکھ سے زائد مالیت کا طبی ساز و سامان اور ادویات فراہم کی گئیں۔عطیہ کیے گئے سامان میں ادویات، طبی آلات اور ساز و سامان کے علاوہ آپریشن تھیٹر کے لئے ائیر کنڈیشنرز بھی شامل تھے۔پاک بحریہ کی جانب سے اس سامان کی فراہمی اتھل اور نواحی علاقوں کے مکینو ں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہو گی۔

طبی سامان عطیہ کرنے کی تقریب میں مقامی افراد و عمائدین، سول حکام اور پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔