کنگ حماد یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے700کنال کا رقبہ مختص کیا گیا تھا اس وقت کے تحصیلدار یاسر شاہ نے یونیورسٹی کو دینے کیلئے 301پلاٹس تجویز کئے تھے میئر اسلام آبادنے یاسر شاہ کی جگہ عامر اولکھ کو تحصیلدار تعینات کرکے301کے بجائے783پلاٹس ایوارڈ کئے‘482پلاٹس ملی بھگت سے ڈکار گئے

 
0
459

اسلام آباد جولائی 29 (ٹی این ایس): میٹروپولیٹن کارپویشن اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی بحیثیت چیئرمین سی ڈی اے کالے کرتوں‘ کرپشن‘ لوٹ مار‘ بھتہ خوری اور اختیارات سے تجاوز کرکے مخصوص مافیا کو نوازنے کا پول کھل گیا- اپنے چہیتے افسروں اور حواریوں کی مدد سے وفاقی دارلحکومت کے پوش علاقوں میں مہنگی ترین سرکاری زمین اپنے من پسند افراد میں بانٹ دی‘ اپنے فرنٹ مینوں اور حواریوں کے ذریعے کنگ حماد یونیورسٹی کو زمین کے ایوارڈ میں بھی اربوں روپے ڈکار گیا- سرکاری خرچ پر متعدد غیر ملکی دوروں کی حقیقت بھی منظر عام پر آگئی‘ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے شیخ انصر عزیز نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا چونا لگا دیا، حساب کب اور کون لے گا، گیند قومی احتساب بیورو کے کورٹ میں آگئی- تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر شیخ انصر نے اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے تابعداری کی نئی مثالوں کے ساتھ ساتھ‘ کرپشن‘ لوٹ مار‘ بھتہ‘ خوری‘اختیارات سے تجاوز اور اقرباء پروری کے نئے ریکارڈ بھی بنا ڈالے ذرائع کے مطابق میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے سمگل شدہ گاڑیوں کے لگثری شوروم میں اپنے پارٹنروں عابد کیانی اور شعیب کیانی کی مدد اور سابق ممبر پلاننگ‘ ممبر انجینئرنگ اور چیف میٹرو پولیٹن آفیسر اسد کیانی کی تعاون سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے میں جو لوٹ مار اور کرپشن کی اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ذرائع نے بتایا کہ شیخ انصر عزیز نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ممبر پلاننگ‘ ممبر انجینئرنگ اور چیف میٹرو پولیٹن آفیسر اسد کیانی کے ساتھ ملی بھگت کرکے فیصل ایونیو مارگلہ روڈ پر پاک سٹیل کو لگ بھگ45کنال اراضی‘ ایف ٹن کا راؤنڈ اباؤٹ سلور آکس‘ ایچ ایٹ قبرستان کا راؤنڈ آباؤٹ اسلامی یونیورسٹی کو لیز پر دیدیا جبکہ جناح سپر کا کرکٹ گراؤنڈ اپنے فرنٹ مین عابد کیانی کے سپرد کردیا اور ا ن کاموں میں کروڑوں روپے عابد کیانی اور شعیب کیانی کے ذریعے وصول کئے گئے ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر اسلام آباد نے بحیثیت چیئرمین سی ڈی اے چارج سنبھالتے ہی وفاقی ترقیاتی ادارے کے 64 ایماندار افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر تمام محکمے اپنے پاس رکھ لئے اور مسلم لیگ ن کے یونین کونسل چیئرمینوں کی مدد سے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کر دیا-ذرائع نے بتایا کہ یونین کونسل چیئرمینوں کے ذریعے کی جانے والی کرپشن اور لوٹ مار میں عابد کیانی اور شعیب کیانی میئر اسلام آباد کے فرنٹ مین کی حیثیت سے آگے ہوتے تھے- ذرائع نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے شیخ انصر عزیز کی مالی حرص وہوس کا اندازہ اس بات ے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے فرنٹ مینوں اور حواریوں کے ذریعے کنگ حماد یونیورسٹی کو سی ڈی اے ایوارڈ میں بھی اربوں رو پے کا چونا لگا دیا – ذرائع کا کہنا تھا کہ کنگ حماد یونیورسٹی کا افتتاح سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور میئر اسلام آباد/ چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے جولائی2017میں کیا تھا یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے700کنال کا رقبہ مختص کیا گیا تھا اس وقت کے تحصیلدار یاسر شاہ نے یونیورسٹی کو دینے کے لئے 301پلاٹس تجویز کئے تھے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے یاسر شاہ کو تبدیل کرکے ان کی جگہ عامر اولکھ کو تحصیلدار تعینات کیا جنہوں نے301کے بجائے783پلاٹس ایوارڈ کئے ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر ایوارڈ کئے جانیوالے482پلاٹس میں 50پلاٹس کک بیک کی صورت میں ڈائریکٹر لینڈ عدنان‘50پلاٹس شیخ عنصر عزیز50پلاٹس اس وقت کے ممبر اسٹیٹ‘50پلاٹس ڈی سی سی ڈی اے قاضی زوہیب25پلاٹ پٹواریوں‘ گرداوروں جبکہ25پلاٹ اپنے فرنٹ مین سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ماموں چوہدری اکرم کو دیئے گئے- ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ شیخ انصر عزیز نے اپنے مکروہ منصوبے کو پایہ تک پہنچانے اور اسے قانون شکل دینے کے لئے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے مقامی آبادی کے متاثرین سے فی شناختی کارڈ 10ہزار روپے کے عوض لے کر بعدازاں متاثرین سے دستخط ونشان ا نگوٹھا لگوا کر اور جعلی ایوارڈ کرکے اپنے حواریوں کے ذریعے مارکیٹ میں فروخت کر دیئے جنکی مالیت اس وقت60سے 70لاکھ روپے فی کس پلاٹ ہے- درائع نے کہا ہے کہ شیخ انصر عزیز نے اپنی کرپشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ایک حواری کے ذریعے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے یونیورسٹی کے کام کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے کی استدعا بھی کی تھی ادھر میئر اسلام آباد کے سرکاری خرچ پر متعدد غیر ملکی دوروں کی حقیقت بھی منظر عام پر آگئی ہے-شیخ انصر عزیز نے وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر ہر سال درجنوں غیر ملکی دورے کئے جن میں سے اکثر یت لندن کی ہے -مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باعث وزارت داخلہ اور ایف آئی اے نے کبھی بھی بغیر اجازت کئے جانے والے ان دوروں پر اعتراض کیا اور نہ ہی ان کے پس پردہ مقاصد کو جاننے کی کوشش کی-شیخ انصر عزیز نے اپنے آقاؤں کو خوشنودی کے لئے کئے جانیوالے دوروں پر قومی خزانہ کے کروڑوں روپے اڑا دیئے اس کا حساب کب ہوگا اور کون لے گا؟ ذرائع نے انکشاف کیا کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر کے غیر ملکی دوروں خاص طورپر لندن یاترا کا مقصد پاناما کے معاملات کو دیکھنا اور ہینڈ ل کرنا تھا-متاثرین اسلام آباد‘ عوامی‘ سیاسی‘ سماجی اور کاروباری حلقوں نے کہا ہے کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی کرپشن‘ لوٹ مار‘ اختیارات سے تجاوز اور کنگ حماد یونیوسٹی کے ایوارڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن تحریک انصاف حکومت کے کرپشن فری پاکستان کے نعرے کے لئے ایک امتحان ہے-احتساب کمیشن فوری طور پر ان تمام معاملات کا جائزہ لے کر میئر اسلام آباد اور اسکے حواریوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑ ا کرے اور قومی خزانہ کو شیر مادر کی طرح لوٹنے اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے پیاروں اور چہیتوں کو نوازنے والوں کو نشان عبرت بنائے- انہوں نے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال سے بھی کنگ حماد یونیورسٹی کے لئے سی ڈی اے ایوارڈ میں ہونے والی کرپشن اور لوٹ مار کی فو ری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے-