نیشنل بینک بنگلہ دیش برانچ کرپشن کیس ،ملزم علی رضا کے اسپتال میں داخل ہونے پرعدالت برہم

 
0
377

کراچی نومبر 21(ٹی این ایس)سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر نیشنل بینک علی رضا کے ہسپتال میں داخلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 2 روز میں کراچی اور اسلام آباد کے امراض قلب کے اور ذہنی امراض کے ماہرین کی فہرست پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ سابق صدر نیشنل بینک علی رضا کی درخواست ضمانت کی سماعت چیف جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ہوئی۔ عدالت ملزم علی رضا کو ہسپتال داخل رکھنے پر ایک بار پھر برہم ہوگئی ٗ چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ جس کو بھی گرفتار کیا جاتا ہے وہ جیل کے بجائے ہسپتال چلا جاتا ہے نیب کیسزمیں ہر کوئی میڈیکل رپورٹس کے انبار لگا دیتا ہے۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ علی رضا شدید علیل تھے اس لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ عدالت علی رضا کے معائنے کیلئے اپنی مرضی کا میڈیکل بورڈ تشکیل دے سکتی۔عدالت نے نیب سے ماہر امراض قلب اور ذہنی امراض کے ڈاکٹروں کی فہرست مانگ لی۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ کراچی اور اسلام آباد کے ماہر ڈاکٹروں کی 2 روز میں فہرست پیش کی جائے ٗڈاکٹروں کی فہرست کا جائزہ لینے کے بعد غیر جانبدار میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائیگا۔