کراچی ,اکتو بر 06(ٹی این ایس) : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ طلبہ ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں، بھرپور حوصلہ افزائی سے ان میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکتا ہے، عصر حاضرکی ترقی کا راز سائنسی علوم میں ہی ہے اس لئے سائنسی علوم کو آج مرکزی اہمیت حاصل ہے، ایسے طلبہ جنھیں سائنس سیکھنے اور سائنسدان بننے کا شوق ہے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی وقت کا اہم تقاضہ ہے اس ضمن میں دی دائود فائونڈیشن کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی نمائش طالب علموں خاص طورپر ایسے طلبہ جو سائنسدان بننے کی لگن و جستجو رکھتے ہیںسمیت ہر پس منظر کے افراد کو سیکھنے کی جگہ بنانے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی دائود فائونڈیشن کے زیر اہتمام تین روزہ سائنسی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ نمائش میں سائنس کی مطالعاتی کتب ، آلات ، طلبہ کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز ، سائنسدانوں کے متعلق معلومات سمیت دیگر اشیاء بھی موجود تھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نمائش طلبہ کو پلیٹ فارم مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی ہے ، طالب علموں کو ایسی نمائش سے بھرپور سیکھنے کا موقع حاصل ہو گا یہ ایک اچھی کاوش ہے اس طرح کی نمائش دور حاضر میں انتہائی نا گزیر ہیں، باصلاحیت طالب علموں کے لئے نمائش میں ان کی لگن اور سیکھنے کے لئے ہر قسم کی معلومات اور سائنسی علوم کی دستیابی سے ان کی علمی پیاس بجھنے کے ساتھ ساتھ دور حاضر میں تبدیلی کا سبب بننے والی ایجادات اور ترقی کے راز حاصل ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کی نمائش سے تجارت، دفاع، پیداوار اور کاروبار کا فروغ حاصل ہوتا ہے لیکن سائنس کی نمائش سے طلبہ کو سیکھنے کا موقع ملے گا، اس لحاظ سے یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد اور معلوماتی نمائش ہے جہاں طالب علموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انھیں ان کے وژن کے مطابق ایک پلیٹ فارم حاصل ہو گیا ہے۔ گورنر سندھ کو دائود پبلک اسکول انتظامیہ نے اسکول کی عمارت، کلاس رومز، لیبارٹریز، انڈور پلے گرائونڈ سمیت دیگر کا معائنہ کرایا۔
اس دوران گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ اسکول میں ڈھائی ہزار 2500 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں ، طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے لئے مختلف پروگرامز بھی منعقد کئے جاتے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ دائود پبلک اسکول طالب علموں کو معیار تعلیم ساتھ ساتھ تربیت بھی فراہم کررہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ، اسکول میں صفائی ستھرائی کا اعلیٰ نظام وضع کیا گیا ہے ،تعلیمی درس گاہ میں نظم و ضبط بھی قابل ذکر ہے ۔
گورنر سندھ سے اسکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کا تعارف کرایا گیا گورنر سندھ نے طلبہ سے تعلیمی حوالہ سے بات چیت کی اور کچھ دیر ان میں گھل مل گئے۔ بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ بچوں کو معیار تعلیم کی فراہمی میں نجی اسکولز زبردست کام کررہے ہیں جہاں بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور صحت مند سرگرمیوں کے بھرپور مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں یہ اسکولز ملک و قوم کے روشن مستقبل کی نرسریاں ہیں جہاں پر مستقبل کے معمار تیار کئے جارہے ہیں، حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ یہ ادارے مزید فعال کردار ادا کرسکیں۔