گرین لائن پروجیکٹ میں تاخیر کی وجہ سندھ حکومت ہے،اپریل یا مئی میں یہ پروجیکٹ شروع کردیں گے،گورنر سندھ

 
0
341

کراچی نومبر 22(ٹی این ایس)گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ گرین لائن پروجیکٹ بسیں لانے میں تاخیر سندھ حکومت کی وجہ سے ہے۔ اپریل یا مئی میں یہ پروجیکٹ شروع کردیں گے۔بدھ کی صبح گورنر سندھ نے گرین لائن پروجیکٹ کے جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے لیے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری کا دورہ کیا۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منصوبوں میں تاخیر ہوتی رہتی ہے،گرین لائن سے پبلک ٹرانسپورٹیشن کااچھا نظام شروع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مختلف پروجیکٹ میں شامل ہے اور ہم ایکسپریس وے اورپانی کے منصوبوں میں سندھ حکومت کے ساتھ کام کررہے ہیں۔محمد زبیر نے بتایا کہ کراچی پیکجز کے لیے بنیادی کام مکمل ہوچکا ہے ہم کراچی کو ماڈل سٹی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکلر ریلوے سے متعلق تحفظات دور کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں وزیراعظم بھی یقین دہانی کروا چکے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ میئر کراچی کا کردار اہم ہے، عوام نے انہیں منتخب کیا ہے، ہم نے کراچی پیکیج سے متعلق کل بھی میئرسے ملاقات کی تھی۔کراچی کے حالات پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیرنے کہاکہ شہر کے اندر 4 سال میں معجزاتی تبدیلی آئی ہے، بڑے کرائم شہر سے ختم ہوگئے ہیں، جبکہ اس سے قبل 2013 میں کراچی خطرناک ترین شہر تھا اور یہاں سرمایہ کار آنے کو تیارنہیں ہوتے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام امن و امان قائم کرنا اور سرمایہ کاری کی فضا بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کراچی میں سرمایہ کار جب آتے ہیں تو ہوٹلوں میں جگہ نہیں ملتی۔

گورنر سندھ نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں آنے والے دنوں میں بڑی کمی آئے گی، امن و امان کی بحالی میں رینجرز کا اہم کردار ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے بتایا کہ شنگھائی پاور جلد ہی کے الیکٹرک کے انتظامات سنبھال لے گی اور نیپرا سے متعلق اس کے جو مسائل ہیں وہ جلد حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کے مسائل حل ہونے سے کراچی ایک الگ شہر بن کر سامنے آئے گا۔