حج آپریشن کے دوران 49,000سے زائد حجاج کرام کو حجاز مقدس پہنچایا جائیگا

 
0
359

کراچیجولائی21 (ٹی این ایس) شاہین ایئر انٹرنیشنل اس سال اپنی تاریخ میں حجاج کرام کی سب سے بڑی تعداد کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے تیار ہے۔ حج آپریشن 24جولائی، 2017سے شروع ہوگا جس کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ سے حجاج کو سعودی عرب کے شہر جدہ اور مدینہ پہنچایا جائے گا۔حج آپریشن کی پہلی پروازیں صبح 5:30بجے فیصل آباد سے مدینہ اورصبح 6بجے کراچی سے جدہ روانہ ہوں گی جہاں معزز شخصیات حجاج کرام کا استقبال کریں گی ۔پاکستان سے حجاج کرام کو حجاز مقدس تک پہنچانے کا آپریشن جولائی سے لے کراگست کے پورے مہینے جاری رہے گا اور شاہین ایئر کی مجموعی طور پر217پروازوں سے 49,000حجاج کرام سعود ی عرب کا سفر کریں گے جن میں سے35,000 سرکاری حج اسکیم کے تحت سفر کریں گے جبکہ باقی تعداد نجی حج پیکیج کے تحت سفر کرے گی۔ علاوہ ازیں، شاہین ایئر نے بغیر کسی رکاوٹ کے حج آپریشنزجاری رکھنے کیلئے آٹھ طیاروں کو وقف کردیاہے جبکہ سرکاری حج کوٹے پرجانے والے عازمین حج کیلئے فیصل آباد اور کوئٹہ سے صرف شاہین ایئر خصوصی پروازیں بھی چلائے گی ۔اس مبارک آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کمپنی کے چیف مارکیٹنگ آفیسر، زوہیب حسن نے کہا،’’شاہین ایئر اپنے معزز مسافروں کو اعلیٰ معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے اور بلاشبہ حجاج کرام کو پرواز کی سہولت مہیا کرنا ہمارے لیے بھی مبارک سعی ہے ۔پاکستان کی دوسری پرچم بردار ایئر لائن کے طور پر، اس سال ہم حجاج کرام کی سب سے بڑی تعداد کو اپنے مسلسل ساتویں حج آپریشن کے ذریعے ہرممکنہ خدمت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ‘‘گزشتہ برس، شاہین ایئرکوڈائریکٹوریٹ جنرل – حج پاکستان کی جانب سے 2015ء کے حج آپریشن کی کامیاب تکمیل پر تعریفی سند بھی عطا کی گئی تھی۔