اسلام آباد دسمبر 17(ٹی این ایس)چیرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کوئٹہ میں چرچ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور سیکورٹی فورسز کی بروقت کاروائی کو سراہا ہے، سینیٹر رحمان ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے بطور چیرمین کمیٹی برائے داخلہ ملک بھر کے چرچ کے سیکورٹی بڑھانے کی ہدایات کر دی ہے، کوئٹہ میں چرچ پر حملے و اسکے نتیجے میں جانی نقصان پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں اوران سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، ملک دشمن عناصر کرسمس کے موقعہ پر حملوں سے بینالاقوامی سطح پر پاکستان کی بدنامی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کرسمس کے دنوں میں مسیح برداری پر حملہ ہونا ملک کیخلاف گھناؤنی سازش ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں کرسمس کے موقع پر ملک بھر کے چرچ کی سیکورٹی بڑھا دیں، دہشتگردی کرنا و کرانا ملک دشمن عناصر کا معاشی ذریعہ بن چکا ہے۔ دہشتگردی کے پیچھے کار فرما دشمنوں کو بے نقاب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، آئے روز بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں جو پریشان کن ہیں بلوچستان میں دہشتگردی کے روک تھام کیلئے حکومت اقدامات کرے۔