بی بی بینظیر بھٹو نے قوم کیلئے آخری وقت تک جدوجہد جاری رکھی میں بھی اس جدوجہد کو جاری رکھو ں گا،بلاول بھٹو زرداری

 
0
365

کراچی دسمبر 20(ٹی این ایس) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید رانی بینظیر بھٹو جمہوریت کی بحالی کیلئے وطن واپس آئیں، 18 اکتوبر کو بی بی شہید نے جب اپنے وطن میں قدم رکھا تو دہشت گردوں نے بی بی پر حملہ کردیا لیکن بی بی نہیں ڈریں،اپنی دھرتی کی خوشبو میں رچی بسی 30سال تک اپنے ملک کی قوم کا دفاع کرتی رہیں اور آخر 27 دسمبر کو دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید کر دی گئیں۔

بدھ کو جاری کر دہ بیا ں کے مطابق ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملیر کی یونین کونسل شرافی گوٹھ میں جدید ٹیکنالوجی ہولوگرام کے تحت کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ بی بی شہید کے 10ویںیوم شہادت پر ہم ان سے عہد کرتے ہیں کہ اس ملک کی قوم کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے،بی بی بینظیر بھٹو نے اس ملک کی قوم کیلئے آخری وقت تک جدوجہد جاری رکھی میں بھی اس جدوجہد کو جاری رکھو ں گا۔انہوں نے کہا کہ بی بی بینظیر کا علًم میں نے سنبھال لیا ہے، مجھے یقین ہے کہ کراچی سے کشمور تک عوام بی بی کی شہادت پر بی بی سے عہد کرینگے کہ اس جدوجہد میں ہمیشہ ساتھ دینگے۔

تقریب سے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہولو گرام کا ٹاسک بلدیہ ملیر کو دیا گیا جس کا انعقاد انتہائی کامیابی سے کیا گیا، میں اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمیں یہ پروگرام دیا، ملیر کی عوام نے ایم این اے، ایم پی اے اور چیئرمین ڈسڑکٹ ملیر کو بھی کامیاب کرایا ہے، جس پر ہم ملیر کی عوام کے مشکور ہیں،عوام کی خدمت کرکے ایمانداری سے اپنے فرض کو نبھارہے ہیں۔اس موقع پرچیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ،وائس چیئرمین عبدالخالق مروت ودیگر رہنماوں حاجی مظفر علی شجرہ، رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ بلوچ، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی ضلع ملیر ساجد جوکھیو، انفارمیشن سیکرٹری میر عباس تالپور، عدیل اختر شیخ، یوسی چیئرمین نظر بلوچ، اراکین کونسل اکبر بلوچ، ارشاد شر، لیاقت بلوچ، زیب النساء بلوچ، سائرہ بلوچ سمت جلسے میں ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔