مصرمیں سرگرم دوعسکری گروپ برطانیہ نے دہشت گرد قراردے دیئے

 
0
307

قاہرہ دسمبر 23(ٹی این ایس)مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں قائم برطانوی سفارت خانے نے خبر دی ہے کہ برطانوی حکومت نے دو مصری شدت پسند گروپوں ’الحسم‘ اور ’انقلاب بریگیڈ‘ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے کر انہیں بلیک لسٹ کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ برطانوی حکومت نے مصر کے دو مسلح گروپوں کو دہشت گردی کی کارروائیوں اور مصر میں سول اور سیکیورٹی حکام پر حملوں میں ملوث قرار دیے دئے دو مسلح گروپوں کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مصر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے والے کسی دوسرے گروپ کو بھی دہشت گرد قرار دیا جاسکتا ہے۔ بلیک لسٹ کیے گئے دونوں گروپوں کی برطانیہ میں کسی قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عاید کردی گئی ہے اور انہیں کسی قسم کی معاونت کی فراہمی پرسختی سے پابندی عاید ہے۔ قاہرہ میں متعین برطانوی سفیر جون کاسن کا کہنا تھا کہ ہم کہہ دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مصر میں شہریوں اور سیکیورٹی حکام کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے گروپوں کے خلاف قانون کی طاقت کا استعمال شروع کیا گیا ہے۔ یہ اقدام مصر کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کا حصہ ہے۔خیال رہے کہ مصری حکام کا دعویٰ ہے کہ ’الحسم‘ اور ’انقلاب بریگیڈ‘ نامی دونوں مسلح گروپوں کا کالعدم مذہبی جماعت اخوان المسلمون کے ساتھ تعلق ہے اور یہ دونوں گروپ ملک میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں کی ذمہ داری قبول کرچکے ہیں۔مصر میں سنہ 2013ء کو مسلح افواج نے منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹ دیا تھا۔ اس کے بعد اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دیا گیا اور اس کے حامی گروپوں کے خلاف بھی سخت کارروائی شروع کی گئی ہے۔