کچھ لوگ غریب عوام کا حق مارنے کیلئے بیٹھے ہیں ،ْوزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

 
0
512

اسلام آباد دسمبر 28(ٹی این ایس)گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن نے وفاق کی جانب سے ٹیکس نفاذ کے خلاف ہونے والے احتجاج کے حوالے سے کہا ہے کہ کچھ لوگ غریب عوام کا حق کھانے کے لیے دھرنے پر بیٹھ گئے تھے۔اسلام آباد میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس بھی جی بی کونسل کیذریعے نافذ ہوا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان (جی بی) میں 100 کے قریب بینک ہیں اور بینک سے رقم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس دینا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں انکم ٹیکس کے تحت 2013 میں کٹوتی شروع ہوئی جبکہ ٹیکس اصلاحات 2012 سے نافذ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کے چاروں صوبوں میں ملنے والی گندم کی بوری 5 ہزار روپے تک ملتی ہے جبکہ ہم اپنی غریب عوام کو یہی بوری 11 سو روپے میں دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں کچھ لوگ غریب افراد کا حق مارنے کے لیے دھرنے دے کر بیٹھ گئے ہیں کہ یہ سبسڈی تمام افراد کو ملنی چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز گلگت بلتستان میں انتظامیہ نے ٹیکس نفاذ کے خلاف جاری احتجاج میں شامل مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تھے اور مظاہرین کو یقین دہائی کرائی تھی کہ علاقے میں ود ہولڈنگ ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا۔یہ فیصلہ انجمن تاجران، جی بی عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومتی نمائندوں کے درمیان 2 روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد متفقہ طور پر سامنے آیا تھا۔حکومت اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے معاہدے کی رو سے انتظامیہ اور مظاہرین پر مشتمل ایک وفد اسلام آباد کا دورہ کرے گا اور ٹیکس نفاذ کو علاقے میں نافذ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں وفاقی حکومت کی جانب سے عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف انجمنِ تاجران، ٹرانسپورٹرز اور شہریوں نے 7 دن سے شٹر ڈؤان اور پہیہ جام ہڑتال کررکھی تھی۔