وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت فرنس آئل اور پٹرولیم سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس

 
0
367

ْاسلام آباد دسمبر 28(ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گردشی قرضے کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے اور انتظامی نقصانات سے گریز کے لئے نظام کی اوورہالنگ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی جبکہ فرنس آئل کے لئے درآمدی آرڈرز کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وہ جمعرات کو فرنس آئل اور پٹرولیم سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری ، خزانہ بجلی و پٹرولیم ڈویژن کے سیکرٹریوں ، ایم ڈی پی ایس او اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مقامی ریفائنریز کی ذخیرہ اور پیداواری گنجائش اور استعمال کا جائزہ لیتے ہوئے فرنس آئل کے لئے درآمدی آرڈرز کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ فرنس آئل کی آئندہ کی درآمد، توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی سے منظوری سے مشروط ہو گی۔

اس سے درآمدی بل کم کرنے کے ساتھ ساتھ ایل این جی سے چلنے والے بجلی کے منصوبوں کی زیادہ سے زیادہ فعالیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم نے وزارت بجلی اور پٹرولیم کو ہدایت کی کہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فرنس آئل کے مطلوبہ ذخائر کو برقرار رکھنے کے لئے مناسب منصوبہ بندی کو یقینی بنایاجائے۔اجلاس میں بجلی کے شعبہ کی طرف سے گیس کی دستیابی اور استعمال کا بھی جائزہ لیاگیا ۔

ڈسکوز کے ترسیل، تقسیم اور ریکوری کے عمل میں کمزوریوں کے نتیجہ میں گردشی قرضے کے مسئلے پر غور کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انتظامی نقصانات سے گریز اور مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کے لئے اوورہالنگ کے نظام پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے جس کے سربراہ وزیر بجلی ہوں گے اور اس میں وزارت خزانہ بجلی اور پٹرولیم ڈویژن کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے بھی وزیر اعظم کو وزارت کی طرف سے صارفین کو نئے بجلی کنکشنز کی فراہمی کے عمل کو صحیح خطوط پر استوار کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیرا عظم کو بتایاکہ 15جنوری 2018ء تک تمام زیر التواء درخواستیں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران تقریباً18لاکھ بنتی ہیں کو نمٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صارفین کو درخواست کے 15روز کے اندر بجلی کنکشنز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نظام وضع کیا جارہا ہے۔ وزیر برائے بجلی نے اجلاس کو اپنی وزارت کے مختلف ملحقہ محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔