پاکستان کی مستقبل کی ترقی کا دارومدار آبی ذخائر میں توسیع اور مناسب استعمال پر ہے، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز

 
0
364

اسلام آباد جنوری 5(ٹی این ایس) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا کہ ملک کی مستقبل کی ترقی کا دارومدار پاکستان کے آبی ذخائرمیں توسیع اور مناسب استعمال پر ہے جس کے لئے وفاقی حکومت اپناکرداراداکررہی ہے، آبادی میں اضافے نے پوری دنیا کی زمین اور پانی کے ذخائر پربوجھ ڈالاہے، اس لئے لازمی ہے کہ آبی ذخائرکومحفوظ رکھاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن نے پاکستان کی پانی کی کمی کو دور کرنے اور بجلی پیداکرنے کے لئے مربوط منصوبہ بندی کی ہے، پانی کے ذخائر کو محفوظ کرکے زرعی ترقی میں اہم کرداراداکیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے استعمال میں کفایت شعاری جس میں فصلوں کوپانی دینے کیلئے مناسب طریقہ کار، ایسی فصلیں اگاناجس میں پانی کم سے کم استعمال ہو اور فصلوں کو پانی دینے کے جدید طریقوں کومتعارف کروانے کی اشدضرورت ہے۔سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے گزشتہ اجلاس میں آبی وسائل سے متعلق 5.8 ارب روپے مالیت کے منصوبے منظور کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں وزارت آبی سائل کی جانب سے 5 ارب 83کروڑ 36لاکھ 62ہزار روپے کی لاگت کا ضلع راولپنڈی میں پاپن ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کا مقصد پنجاب میں زراعت، میونسپل، صنعت اور ماحولیات کے لئے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے اور یہ منصوبہ 89 ہزار 600 ایکڑ فٹ پانی محفوظ کرے گا جو کہ 20 ہزار ایکڑ بارانی زمین کو آبپاشی کے لئے پانی مہیا کرے گا۔ اس منصوبے کو اجلاس نے مزید منظوری کے لئے ایکنک کو بھجوا دیا ہے۔