لاہور جنوری 6(ٹی این ایس)نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راشد جاوید لودھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بہیودہ بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کا بیان اور ٹویٹ سفارتی آداب اور آزاد ملکوں کی خود مختاری کے خلاف ہے اور کسی بھی ملک کے صدر کو یہ اختیار نہیں کہ وہ دوسری قوموں اور ملکوں کے بارے میں اس طرح غیر سنجیدہ گفتگو یا بیان بازی کرے کیونکہ اس طرح کے ماحول میں دہشت گردی کے خلاف جنگ نا صرف متاثر ہو گی بلکہ امریکہ کے اپنے مفادات کو بھی غیر معمولی دھچکا لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم ایک غیرت مند قوم ہے اور ملکی سلامتی اور تحفظ کے لئے پوری قوم متحد ہے اور لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مشکل کی اس گھڑی میں ناصرف پاکستانی قوم کی رہنمائی بھی کرے گی بلکہ ملکی سلامتی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری افواج،سیاسی پارٹیاں اور پوری قوم ایک پیج پر ہیں اور امریکی امداد ہمارے گلے کا طوق نہیں بن سکتی۔ پاکستان نے ستر ہزار سے زیادہ شہادتیں اور اربوں ڈالر کا نقصان اپنے ملک کے تحفظ، خودداری اور پوری دنیا کے امن کو یقینی بنانے کے لئے دی ہیں اور مسلمان تو موت سے ویسے بھی نہیں ڈرتالہٰذا ٹرمپ کی گیڈر دھمکیاں بہادر پاکستانی قوم کے عزم کو متاثر نہیں کر سکتی اس لئے اس وقت ملکی اتفاق و اتحاد کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے اور جس کے لئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور موجودہ ملکی صورتِ کے پیش نظر قومی یکجہتی و سلامتی کو درپیش خطرات کے تناظر میں فوری ’’ہنگامی آل پاکستان قومی کانفرنس‘‘کا انعقاد کرے گی جس میں سیاسی و سماجی اکابرین کو دعوت دی جائے گی اور باہمی مشاورت کے بعد ایک علامیہ جاری کیا جائے گا اور ملک کی سلامتی کو درپیش قومی اور بین الاقوامی سازشوں اور کرداروں کو ناصرف بے نقاب کیا جائے گا بلکہ ان سے نمٹنے کے لئے بھر پور لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔