عوام نوازشریف کو اہل کرکے بھیجیں اور تم نااہل کردو, یہ کیسا مذاق ہے،سابق وزیر اعظم نواز شریف

 
0
317

سرگودھا 6 جنوری (ٹی این ایس)سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاڈلے کو ملک میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ،لوگ آج اس میدان میں ہیں کل سڑکوں پر ہوں گے اس ملک میں لوگوں کو انصاف ملے گا ، انصاف اور عدل قائم ہوگا۔سرگودھا کی تحصیل کوٹ مو من میں جلسہ عا م سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج کاجلسہ اس بات کااعلان ہے کہ وہ فیصلہ پاکستان کے عوام کو منظور نہیں، یہ عوام کی عدالت کا فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیا کہ عوام نوازشریف کو اہل کرکے بھیجیں اور تم نااہل کردو۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہاں کا مذاق ہے کہ آپ ایک اقامے پر وزیراعظم کو نااہل قرار دے دیں۔نواز شریف نے کہا کہ عدالتی لاڈلوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ یہ جلسہ نہیں عدالتی فیصلے کےخلاف ریفرنڈم ہے، آج کاجلسہ اس بات کااعلان ہے کہ عوام کومیری نااہلی کا فیصلہ قبول نہیں، عوام بتادے کہ اس نے عدالتی فیصلہ مسترد کردیا ہے، الیکشن میں عدالتی لاڈلوں کو لگ پتہ جائے گا، انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، لوگ جانتے ہیں کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے نے ہسپتال کا پیسہ جوئے پر لگایا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو کام 20 برسوں میں نہیں ہوا وہ ہم نے 4 سال میں کر دکھایا، میری نااہلی کے بعد سازش کرنے والوں، مہنگائی اور بیروزگاری نے پھر اٹھا لیاہے، ملک میں انتشار پھیل رہا ہے، ترقی کا سفر سست ہونے میں شاہد خاقان عباسی کا کوئی قصور نہیںوہ بڑی جوانمردی سے کام کر رہے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ لاڈلا مانتا ہے کہ میری بھی آف شور کمپنی تھی، وہ نیازی لمیٹڈ کی ملکیت بھی مانتا ہے، عمران کہتا ہے کمپنی میری ہے لیکن عدالت کہتی ہے یہ کمپنی نیازی کی نہیں ہے، نواز شریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا۔قوم کو عدالت کے انصاف کے دو پیمانے منظور نہیں، عوام انتخابات میں کامیاب کرائے تو گلی گلی انصاف لے کر آﺅں گا۔

نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے- مریم نواز نے کہا کہ پہلی بارکسی جلسے میں میاں نواز شریف کے ساتھ آئی ہوں لیکن جہاں جہاں سے میاں صاحب گزرتے ہیں ہر جگہ ایک ہی نعرہ لگتا ہے کہ ہم آپ سے محبت کرتے ہیں، پاکستان کے عوام نواز شریف نے محبت کرتے ہیں، مخالفین ووٹ نہیں لے سکتے اس لئے کبھی وہ انگلی کے پیچھے تو کبھی سپریم کورٹ کے پیچھے چھپتے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ صداقت اور امانت کے پیچھے میچ فکس ہے، کبھی وہ کچھ کہتا ہے تو کبھی کچھ لیکن جو ہم اور عوام کو نظر آرہا ہے وہ اسے دیکھ نہیں پارہا۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے پہلے 20،20 گھنٹے لوڈ شیدنگ ہوتی تھی لیکن اب بجلی کا بحران ختم ہوگیا ہے،یہ مسئلہ ایسے ختم نہیں ہوا، اس کے لیے خون پسینہ بہایا گیا ہے، کسی نے تو سازشوں اور دھرنوں کے باوجود کام کیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نیت سزا دینے کی ہو تو پاناما سے اقامہ نکل ہی آتا ہے، پاناما کیس شریف خاندان پردباﺅ ڈالنے لینے کیلئے بنایا گیا، پاناما کے نام سے شریف خاندان ، نواز شریف کی 3 نسلوں کا بار بار احتساب ہوا، ذاتی کاروبار کی ہر چیز کھنگالی گئی لیکن کہیں سے کرپشن کا شائبہ تک نہ ملا تو اقامہ نکال کر لے آئے حالانکہ اقامہ دراصل ویزا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ نواز شریف این آر او کررہا ہے، این آر او کون کررہا ہے اور اس کی ضروت کس کو ہے، این آر او تو اس کو کہتے ہیں کہ نواز شریف کی بیٹی کا کیس تو نیب میں بھیج دیا جاتا ہے لیکن عمران خان کو بری کردیا جائے۔

اس سے قبل جب مسلم لیگ (ن )کے قائد میا ں محمد نو ا ز شریف سرگودھا کی تحصیل کوٹ مو من میں جلسہ عا م سے خطاب کے لیے اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ جب جلسہ گاہ پہنچے تو کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعروں سے ان کا استقبال کیا۔جلسہ کے موقع پر آصف کرمانی، دانیال عزیز اور دیگر رہنما بھی اسٹیج پر موجود تھے جبکہ نون لیگ کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی جلسہ گاہ میں پہلے سے موجود تھی۔ کوٹ مومن میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں اور جلسہ گاہ میں سیکورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔