ٹرمپ کی خارجہ پالیسی سے امریکا تنہا ہو جائے گا،ڈیموکریٹک سینٹرز

 
0
337

واشنگٹن جنوری22(ٹی این ایس) امریکا کے ایوان بالا میں اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس نے 45 ویں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسیوں کو ‘خطرناک، لاپرواہ اور امریکا مخالف قرار دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تیار کردہ دستاویزات سے متعلق سینیٹر بین گارڈین نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سوشل میڈیا ٹوئٹر کے ذریعے خارجہ پالیسی کا اعلان کررہے ہیں جبکہ ٹرمپ کے خارجہ پالیسی سے متعلق فیصلے جلد بازی پر مبنی ہوتے ہیں اور بیشتر فیصلوں میں ان کے اپنے سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹلرسن کی مشاورت بھی شامل نہیں ہوتی۔

سینیٹر بین گارڈین نے ڈونلڈ ٹرمپ کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری قوم اور آزاد دنیا کی تاریخ میں ٹرمپ ایک غیر متوقع حکمران ہیں،دستاویزات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا گیا کہ اہم نوعیت کے سفارتی امور کو ٹوئٹر پر طے نہیں کیا جا سکتا۔ڈیموکریٹس کی جانب سے تیار کردہ دستاویزات میں کہا گیا کہ ‘ٹرمپ انتظامیہ ہر مسئلے، حالات اور واقعات پر ہتھوڑے برسانا شروع کردیتی ہے’ اور اعتراضات کی بازگشت اسلام آباد میں بھی سنی جارہی ہیں۔کمیٹی کے ڈیموکریٹ اسٹاف نے دعویٰ کیا کہ سیکریٹری آف اسٹیٹ ٹلرسن نے خود اقرار کیا ہے کہ انہیں امریکا کی خارجہ پالیسی سے متعلق فیصلوں کے بارے اس وقت معلوم ہوتا ہے جب صدر کا سوشل میڈیا اسٹاف ان کے کہنے پر ٹوئٹ کرتا ہے۔امریکا میں مسلم ممالک پر سفری پابندیوں سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے پر اسٹاف نے لکھا کہ ‘مسلم ممالک پر سفری پابندیوں کا فیصلہ بطور ثبوت پیش کیا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ہمیں دنیا سے کاٹ کر ہماری اقدار کی توہین کررہی ہے۔

ڈیموکریٹس نے دعویٰ کیا کہ صدر نے متعدد مرتبہ ٹوئٹر پر جنگ کی دھمکی اور جنسی لعن طعن کر کے اپنے آفیس کی تذلیل کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ حکومت چلانے کے اصولوں سے بے خبر ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ محض ٹرمپ کی وجہ سے امریکا کا اعتماد دیگر ممالک میں تنزلی کا شکار ہے’ اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ‘امریکی اقدار سے بغاوت کی، اتحادیوں کو تنہا چھوڑ دیا اور دشمنوں سے جا ملے ہیں۔اس میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کا نعرہ ‘سب سے پہلے امریکا ’خطرناک اور تباہ کن ہوگا جس کا نتیجہ امریکا تنہا اور امریکا کے آخری ہونے کی صورت میں سامنے آئے گا۔ڈیموکریٹس نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ کے جملے اور ان کی حرکات و سکنات سے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب اشارے ملتے ہیں جو امریکا کے جمہوری اداروں اور اقدار پر حملہ جاری رکھیں گے۔ڈیموکریٹس نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنے اتحادیوں مثلاً نیٹو، اقوام متحدہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا سے کیے گئے ‘اہم نوعیت کے وعدوں’ سے منحرف نظر آتی ہے۔