احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے فلاحی اداروں کے اکاﺅنٹس کھولنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا

 
0
356

اسلام آباد جنوری 24(ٹی این ایس) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیرسرپرستی چلنے والے فلاحی اداروں ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فاﺅنڈیشن کے اکاﺅنٹس کھولنے سے متعلق درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارکے زیرسرپرستی چلنے والے فلاحی اداروں ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فاﺅنڈیشن کے اکاﺅنٹس کھولنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔اسحاق ڈارکی طرف سے ان کے وکیل قاضی مصباح الحسن پیش ہوئے۔اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ہجویری فاﺅنڈیشن ایک سے زیادہ منصوبے چلارہا ہے، ہجویری فاﺅنڈیشن 5 سے 6 کروڑ روپے مختلف ہسپتالوں کو ڈائیلاسز کے لئے دے رہا ہے، ہجویری فاﺅنڈیشن ہی ہجویری ٹرسٹ کو فنڈز دے رہا ہے، ہجویری ٹرسٹ یتیموں کا ادارہ ہے جس میں سینکڑوں بچے زیر کفالت ہیں، ٹرسٹ کا پیسہ کوئی غلط استعمال کیسے کرسکتا ہے، ہم نے 3 سال کے اخراجات کے حوالے سے دستاویزات جمع کرادی ہیں۔نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹرعمران شفیق نے جواب میں موقف اختیار کیا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے رہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ بچوں کی کفالت رک جائے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ فلاحی ادارے کا غلط استعمال کیا گیا، ادارہ اچھے مقصد کیلئے بنا لیکن غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 31جنوری تک کے لیے محفوظ کرلیا۔