سینٹ الیکشن ، ٹکٹ کی خریدو فروخت عروج پر، ریٹ 20 کروڑ سے تجاوز کرگیا

 
0
4116

اسلام آباد فروری 3(ٹی این ایس)الیکشن کمیشن کی جانب سے سینٹ الیکشن کا شیڈول جاری ہوتے ہی  سینٹ کی ٹکٹ کی خریدو فروخت عروج پر پہنچ گئی ۔سینٹ کی ٹکٹ کا ریٹ 20 کروڑ سے تجاوز کرگیا ۔پاکستان مسلم لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کے سینٹ کیلئے  پنجاب میں کل سات سیٹیں رہ گئیں ہیں جبکہ امیدواروں کی تعداد 55 سے بھی تجاوز کرگئی ۔ ن لیگ کے سینٹ کی ٹکٹ اپلائی کرنے والوں میں مسلم لیگ ن سے وابسطہ کارکنان بھی شامل ہیں جن کی ن لیگ سےوابستگی30 سال پر محیط ہے۔

دوسری جانب ن لیگ سے سینٹ کے ٹکٹ ان لوگوں نے بھی مانگے ہیں جو آخری اطلاعات تک ن لیگ میں شامل بھی نہیں ہوئے ۔مری سے تعلق رکھنے والے سردار محسن عباسی جنہوں نے پہلی بار وزیر اعظم نواز شریف کا نعرہ لگایا جبکہ گلگت کے شفیق الدین خیبر پختونخواہ کے پیر صابر شاہ ۔سندھ کے بابو سرفراز جتوئی اور رحمت سلام خٹک 30 سال سے ن لیگ کے ساتھ ہیں جبکہ انکے مقابلے پر مشاہد حسین سید جن کا تعلق ق سے ہے ایسے کئی لوگ شامل ہیں جنہوں نے اب تک مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار نہیں کی۔

ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کے حال میں جنسی اسکینڈل کی وجہ سے ن لیگ کیلئے بدنامی کا سبب بننے والے نواز شریف کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والےسینیٹرنے سینٹ ٹکٹ کی قیمت 20 کروڑ روپے وصول کی ہے۔

یاد رہے کہ 11 مارچ کو 104میں سے سینیٹ کے 52ممبران ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جن میں پنجاب اور سندھ سے 12،12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے 26 ممبران میں سے 18سینیٹرز، مسلم لیگ(ن) کے 27میں سے 9سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں۔ اسلام آباد سے 2اور فاٹا سے بھی 4سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے جب کہ جے یوآئی(ف) کے 5میں 3 سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے 6 میں سے 5سینیٹرز اور تحریک انصاف کا 7میں سے ایک سینیٹر ریٹائر ہوگا جب کہ مسلم لیگ (ق) کے تمام 4 سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے۔