تحریک حریت ،ماس مومنٹ ، سالویشن مومنٹ اور پیروان ولایت کا شہدائے شوپیان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی

 
0
662

سرینگر،فروری 04(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت ،ماس مومنٹ ، سالویشن مومنٹ اور پیروان ولایت نے شوپیاں میں ایک ہفتے کے دوران5شہریوں کی شہادت کو ریاستی دہشت گردی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ معصو م شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فورسز کا معمول بن چکا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ایک وفدنے گنوپورہ شوپیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی یاد میں ایک تقریب میں شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر تحریک حریت کے رہنما محمد رفیق اویسی نے ایک بڑے احتجاجی جلوس کی قیادت کی۔ انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی پالیسیوں کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام متنازعہ اور تاریخ کے دیرینہ مسئلے کو نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرکے تحریک آزادی کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کریں۔وفد میں مختار احمد، سجاد احمد اور عبدالاحدکے علاوہ دوسرے کارکنان بھی شامل تھے۔ادھرماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے شہید نوجوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ کی دھمکی کے بعد بھارتی فوج کو کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے کا چسکالگ چکا ہے۔انہوں نے آئے دن گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کو انتقامی کارروائیاں قراردیا۔دریں اثناء سالویشن مومنٹ کے رہنمامولوی مدثر احمد نے شوپیان میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں رئیس احمد اور مشرف فیاض کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کشمیری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔انہوں نے شوپیان میں بھارتی فورسز کی فائرنگ میں زخمی ہونے والے نوجوانوں کی بھی عیادت کی اور ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ پیروان ولایت کے ایک ترجمان نے شوپیان میں شہید ہونے والے کمسن بچے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں چنگیز یت کا ریکارڈ بھی توڑدیا ہے۔