عراق میں نئے جنگجو گروپ وائٹ بینرز کے خلاف آپریشن شروع کرنے کااعلان

 
0
479

بغداد،فروری 05(ٹی این ایس):عراق کی شاجلی گورنری کرکوک میں سکیورٹی فورسز نے ایک نئے ابھرنے والے جنگجو گروپ سفید پرچم (وائٹ بینرز) کے خلاف سکیورٹی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں عراقی فورسز کی جائنٹ آپریشنز کمان کے ڈپٹی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالعامر یار اللہ نے کرد ملیشیا البیش المرکہ کے ساتھ ایک اجلاس میں کرد اور عراقی فورسز کے درمیان واقع دفاعی لکیر میں ایک سکیورٹی آپریشن شروع کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہر میں دہشت گرد گروہوں کو خفیہ ٹھکانے بنانے سے روکنے اور وائٹ بینرز گروپ کے جنگجوؤں کی تلاش کے لیے ایک بھر پور کارروائی کی جائے گی۔وائٹ بینرز گروپ پر حال ہی میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور عدلیہ کے ارکان پر حملوں کا الزام ہے۔جنرل یاراللہ کا کہنا ہتھا کہ اس گروپ کے علاوہ داعش کے بچے کھچے جنگجوؤں کے خلاف بھی طوز اور کرکوک میں کارروائیاں کی جائیں گی۔وائٹ بینرز گروپ گذشتہ سال کے آخر میں نمودار ہوا تھا۔اس کا سفید رنگ کا جھنڈا ہے اور اس کے درمیان شیر کے سر کی تصویر ہے۔ ستمبر کے آخر میں بغداد اور خود مختار علاقائی کردستان کے دارالحکومت اربیل کے درمیان تعلقات بگڑنے کے بعد یہ گروپ منظرعام پر آیا تھا۔اس کے ارکان کی تعداد سیکڑوں میں بتائی جاتی ہے لیکن ان کی کل تعداد دو ہزار سے زیادہ نہیں ہے۔انھوں نے شمالی عراق میں پہاڑی علاقوں میں اپنے خفیہ ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔عراقی حکام گذشتہ سال دسمبر کے بعد سے وائٹ بینرز گروپ کی دہشت گردی کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انھوں نے البیش المرکہ پر اس گروپ کے خلاف مناسب کارروائی نہ کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔