کے پی ٹی میں غیرقانونی بھرتیوں کاریفرنس، بابر غوری ملزم نامزد

 
0
321

کراچی فروری 7(ٹی این ایس)کراچی پورٹ ٹرسٹ(کے پی ٹی) میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق وزیر اور ایم کیوایم کے رہنما بابر غوری کو ملزم نامزد کردیا گیا ہے جبکہ دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے نیب سے استفسار کیا کہ ملزم تو نامزد کردیا گیا ہے توگرفتاری کیلئے کیا کارروائی کی؟۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیاں کرنے سے متعلق کیس میں جی ایم کے پی ٹی رؤف اخترو دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔سماعت میں بابری غوری کو پی ٹی میں غیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں ملزم نامزد کردیاگیا۔دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمدعلی ایم شیخ نے نیب سے استفسار کیا کہ ملزم نامزد کردیا گیاہے تو گرفتاری کیلئے کیا کارروائی کی؟کیا گھر پر چھاپہ مارا، کسی کو بلایا؟بڑی مچھلیوں کو جب تک نہیں پکڑوگے توکیسے کام ہوگا؟۔تفتیشی افسر نے بتایا بابرغوری ملک سے باہر ہیں، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا باہر سے ملزمان کو کیسے لایاجاتا ہے یہ کیوں نہیں بتاتے۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایاکہ رؤف اختر کو بابرغوری کی سفارش پر کے پی ٹی کا جنرل منیجر بنایا گیا، ایک ماہ کی مہلت دی جائے تو پیش رفت سے آگاہ کرسکیں گے۔کے پی ٹی کے جی ایم رؤف اخترفاروقی نے کہاکہ انہیں ابھی تک اپنے خلاف الزامات کے بارے میں علم نہیں، نیب کو ہدایت کریں ،انکوائری یا ریفرنس کی نقل فراہم کرے۔بعدازاں عدالت نے رؤف اخترفاروقی سمیت دیگرملزمان کی عبوری ضمانت میں 8 مارچ تک توسیع کرکے سماعت ملتوی کردی۔