سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم

 
0
328

اسلام آباد8 فروری( ٹی این ایس)سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا۔تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کیلئے چاروں صوبوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدواروں کی فہرست 9 فروری کو آویزاں کی جائے گی جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 12 فروری تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف 15 فروری تک اپیلیں کی جاسکیں گی جس کے بعد 18 فروری کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی اور 19 فروری کو امیدوار کے نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔خیال رہے کہ سندھ اور پنجاب کی 12،12، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی 11،11 نشستوں پر 3 مارچ کو مذکورہ اسمبلیوں میں پولنگ ہوگی۔یاد رہے کہ 11 مارچ کو 104 میں سے سینیٹ کے 52 ممبران ریٹائرڈ ہو جائینگے جن میں پنجاب اور سندھ سے 12،12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے 26 ممبران میں سے 18 سینیٹرز جبکہ مسلم لیگ (ن) کے 27 میں سے 9 سینیٹرز ریٹائر ہونگے ٗاسلام آباد سے 2 اور فاٹا سے بھی 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے جب کہ جے یو آئی (ف) کے 5 میں سے 3 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔عوامی نیشنل پارٹی کے 6 میں سے 5 سینیٹرز اور تحریک انصاف کا 7 میں سے ایک سینیٹر ریٹائر ہوگا جب کہ مسلم لیگ (ق) کے تمام 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔