زینب قتل کیس،ملزم عمران علی کو 4 بارسزائے موت دینے کا حکم

 
0
258

 

کوٹ لکھ پت فروری 17(ٹی این ایس)زینب قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت نمبر1 جج سجاد احمد نے قاتل عمران علی کو 4مرتبہ سزائے موت دینے کاحکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بروز ہفتہ کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت نمبر1 جج سجاد احمد نے زینب قتل کیس کے مرکزی مجرم عمران علی کو زینب سمیت دیگر آٹھ بچیوں کے قتل میںملوث ہونے کی بنا پر 4بار موت کی سزا سنا دی۔

اس سے قبل گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت نمبر1 جج سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی تھی۔اس دوران زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے وکیل نے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیاتھا جس پر ملزم کو سرکاری وکیل مہیا کیا گیاتھا۔قبل ازیں 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے،عدالت میں36 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

یاد رہے  12فروری کو ملزم عمران علی پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جس کے بعد اسپیڈی ٹرائل کے دوران کیس کی 13،13 گھنٹے سماعت کی گئی اور کیس کا فیصلہ 15 فروری کو محفوظ کرلیا گیا  تھا۔ زینب قتل کیس میں پہلی بارسائنسی ثبوتوں کوشہادت کے طور پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹرجنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزم عمران علی نے زینب سمیت 8 بچیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیاہے ، ملزم کو زینب قتل کیس میں سزا کے بعد باقی 7 کیسز میں بھی قانونی تقاضے پورےکئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں قصور کی کمسن بچی کو ملزم عمران نے بدفعلی کے بعد تشدد کا نشانہ بنا یا تھا ،بچی کے والدین عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے ہو ئے تھے کہ پیچھے سے محلہ دار عمران نے انتہائی شرمناک واردات کی۔اس سفاکیت پر پورا پاکستان سراپا احتجاج تھا اور قاتل کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کر رہا تھا۔