نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ٗسماعت 26فروری کو ہوگی 

 
0
295

اسلام آباد فروری 20(ٹی این ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت اور ان کی تقاریر پر پابندی کی درخواست کو لاہور ہائیکورٹ میں اسی نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہونے کے باعث 26 فروری کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ایک مقامی وکیل مخدوم نیاز کی جانب سے نواز شریف کے خلاف توہین عدالت اور تقاریر پر پابندی کی درخواست پر سماعت کی۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اسی نوعیت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں بھی زیرسماعت ہے، پہلے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کا انتظار کرلیتے ہیں کہ وہاں کیا ہوتا ہے جس کے بعد عدالت عالیہ نے درخواست کو 26 فروری کے لیے مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ایڈووکیٹ مخدوم نیاز انقلابی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سیکرٹری اطلاعات اور چیئرمین پیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ نواز شریف نے ججز کی کردار کشی کو اپنا وطیرہ بنایا ہوا ہے، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ سابق وزیراعظم کی تقاریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی لگائی جائے۔