میرپورخاص ٗنرسوں کو مبینہ ہراساں کرنے والے ڈاکٹر کی حمایت میں پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال

 
0
240

میرپورخاص فروری 20(ٹی این ایس)سول ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے نرسوں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے ڈاکٹر رمیش کمار کی حمایت میں کام بند کردیا۔سول ہسپتال میرپورخاص میں نرسوں کو مبینہ ہراساں کرنے والے ڈاکٹر کی حمایت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی میدان میں آگئے اور احتجاجاً ہسپتال میں کام بند کردیا۔پی ایم اے کی جانب سے ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف او پی ڈی بند رکھنے کا نوٹس مقامات پر چسپاں کر دیا گیا ہے جبکہ او پی ڈی کی بندش سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کر نا پڑا۔ڈاکٹر رمیش کمار نرسوں کی جانب سے تشدد کرنے کے معاملے پر بنائی جانے والی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے اور رات گئے پریس کلب پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر احتجاج میں شامل ہوگئے ۔
یاد رہے کہ متاثرہ نرسوں نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کرتا تھا، نامناسب پیغامات بھیجتا تھا اور منع کرنے کے باوجود باز نہیں آیا بلیک میلنگ کا یہ سلسلہ کئی دن سے جاری تھا جس پر انہوں نے انتظامیہ کو شکایت بھی کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف 2014 میں بھی جنسی ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی گئی تھی جس پر چیف سیکریٹری نے ڈاکٹر کو قصوروار قرار دے کر برطرفی کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔